تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ سے قبل ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری مستعفی

تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ سے قبل ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری مستعفی
قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ سے قبل استعفٰی دے دیا۔

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا۔ قاسم سوری کا استعفیٰ سیکریٹری قومی اسمبلی کے دفترکوموصول ہوگیا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کیخلاف تحریک عدم اعتماد پرآج ووٹنگ ہونا تھی۔متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں اسد قیصرکے استعفے کے بعد نئے اسپیکر کا انتخاب بھی شامل ہے۔ پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہوچکے ہیں۔وہ آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق راجا پرویز اشرف کے اسپیکرمنتخب ہونے کا نوٹیفیکیشن آج جاری کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت کے لئے پینل آف چئیرایاز صادق سے درخواست کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا مزید کہنا ہے کہ پینل آف چیئر پرسن میں شامل پی ٹی آئی کے تینوں ارکان مستعفی ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے حکومت اوراتحادی جماعتوں کا اجلاس آج طلب کرلیا۔ اجلاس آج 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں نئے اسپیکر کے حلف اورڈپٹی اسپیکر کیخلاف عدم اعتماد پرمشاورت ہوگی۔ تمام ارکان کواجلاس میں شرکت کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔