حکومتی ارکان کا ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی پر حملہ اور شدید تشدد

08:27 AM, 16 Apr, 2022

نیا دور
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے آج صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری پر حکومتی ارکان نے حملہ کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

رانا شہباز ، خیال احمد کاسترو اور دیگر اراکین نے ڈپٹی اسپیکر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے شروع ہوا تو ڈپٹی اسپیکر کے کرسی پر بیٹھتے ہی تحریک انصاف کے اراکین نے اسپیکر پر حملہ کردیا اور ان پر لوٹوں کی بارش کر دی۔ حکومتی اراکین اسمبلی نے ایوان میں لوٹے لہرادیے۔

سیکیورٹی اہلکار دوست محمد مزاری کو بمشکل بچا کر واپس چیمبر میں لے گئے۔ حکومتی اراکین نے اسپیکر ڈائس پر قبضہ کرکے علیم خان کا جو یار ہے، غدار ہے غدار ہے کے نعرے لگئے۔ ڈپٹی اسپیکر پر تشدد کیا گیا۔ حکومتی اراکین نے ڈپٹی اسپیکر کو لوٹے اور تھپٹر بھی مارے۔

اراکین کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے بال کھینچے گئے اور دھکے بھی دیے گئے۔ اسپیکر کی میز پر لوٹے رکھ دیے گئے۔ ہنگامہ آرائی، بدنظمی کے باعث اجلاس روک دیا گیا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس اسمبلی ہال میں داخل ہوگئی اور پنجاب اسمبلی کو گھیرے میں لے لیا۔ آئی جی پنجاب پولیس راؤ سردار بھی اسمبلی پہنچ گئے۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1515243366165925890

وزیراعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الہی نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کیسے ایوان کے اندر داخل ہوئی، ملکی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا ، اس کا ذمہ دار آئی جی پنجاب ہے اس کو ایوان میں بلا کر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، آئی جی کو ایک ماہ کی سزا دی جائے گی۔

پرویز الہی اور حکومتی اراکین کے شدید احتجاج پر پولیس ایوان سے واپس نکل گئی۔

اسپیکر ڈائس پر تحریک انصاف کی خواتین نے قبضہ کرلیا۔ سعدیہ سہیل کی قیادت میں خواتین اراکین اسپیکر کی نشست پر دائیں بائیں قبضہ کرکے کھڑی ہوگئیں ۔

متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار حمزہ شہباز اور مسلم لیگ ق و پی ٹی آئی کے متفقہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان آج وزارت اعلیٰ کےلیے مقابلہ ہوگا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوست محمد مزاری کی زیرصدارت صبح ساڑھے گیارہ بجے ہونا تھا لیکن وقت پر شروع نہ ہوسکا اور تاخیر سے شروع ہوکر پھر دوبارہ روک دیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کے نئے وزیراعلیٰ یا قائد ایوان کا انتخاب بھی کیا ہوگا، امیدوار کو کامیابی کے لیے کُل 186 ووٹ درکار ہوں گے۔

متحدہ اپوزیشن کے ارکان قافلے کی صورت نجی ہوٹل سے بسوں میں پنجاب اسمبلی پہنچے۔ حمزہ شہباز اور علیم خان سمیت تمام قیادت بس میں آئی۔ بس سے اترتے ہوئے ارکان اسمبلی نے نعرہ بازی بھی کی۔

دونوں امیدوار اپنی کامیابی کے لیے پُرعزم ہیں۔ چوہدری پرویز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں 189 اراکین جبکہ حمزہ شہباز نے دعوی کیا ہے کہ انہیں ترین اور علیم خان گروپ سمیت 200 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

اسمبلی نشتوں کے حساب سے اگر بات کی جائے تو پنجاب کے ایوان میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اراکین کی تعداد 183 جبکہ مسلم لیگ ن کے اراکین کی تعداد 166 ہے، اسی طرح مسلم لیگ ق کے ارکان کی تعداد 10، پی پی 7 اور آزاد امیدواروں کی تعداد 4 ہے۔
مزیدخبریں