روزہ داروں کیلئے خوشخبری، آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

01:18 PM, 16 Apr, 2022

نیا دور
محکمہ موسمیات کے مطابق کل رات مغرابی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا۔ مغربی ہوائیں 20 اپریل تک ملک کے بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔ کل اور پرسوں چاغی، نوشکی، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، لورالائی اور مستونگ میں بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ ژوب، زیارت، قلات، سبی، نصیر آباد اور بارکھان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ پیر سے 20 اپریل کے دوران خیبر پختونخوا، کشمیر، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

میانوالی، خوشاب، بھکر، سرگودھا، لیہ، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ ،لاہور، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور گجرات میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔

18 اپریل سے 21 اپریل کے دوران دیامیر، گلگت، غذر، استور اور سکردو میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ کل اور پرسوں راجن پور، ملتان، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر اور بہاولپور میں بارش کا امکان ہے۔

رحیم یار خان، سکھر، جیکب آباد ، لاڑکانہ اور ڈیرہ بگٹی میں آندھی، گرد آلود ہوائیں چلنے اور بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔ آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث خیبر پختو نخوا، اسلام آباد، پنجاب اور کشمیر میں کھڑی فصلوں اور کمزور سٹرکچرز کو نقصان کا بھی خطرہ ہے۔

موسم میں تبدیلی سے دن کے درجہ حرارت میں 03 سے 05 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔ 19 سے 21 اپریل کے دوران گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ضروری اقدامات کریں۔ سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورتحال سے آگاہ رکھنے کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مزیدخبریں