وزیر اعظم کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کے مشکور

وزیراعظم کاکہنا تھاکہ پاکستان سعودی عرب سےتجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانےکا خواہاں ہے۔ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کررہا ہے۔ پاکستان برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔

02:06 PM, 16 Apr, 2024

نیا دور

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ بے مثال تعلقات ہیں جب کہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا، وزیر اعظم نے سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر وفد نے وزیراعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔

وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری عزت مآب انجینئیر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت عزت مآب انجینیئر عبدالرحمن بن عبدلامحسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل عزت مآب انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، سید محسن رضا نقوی، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور حکومتی حکام بھی شریک ہوئے۔

تمام وزراء نے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔ سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز ،سولر پراجیکٹس، کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

وفد کو پی آئی اے ،ایئرپورٹس کی نجکاری، اسلام آباد میں 2 فائیو سٹار ہوٹلز میں جوائنٹ وینچر کی پیش کش کی گئی۔ تجویز کے مطابق ہوٹلز کے لئے زمین سی ڈی اے کی ہوگی اورسرمایہ کاری سعودی عرب کرے یا پھر وہ چاہے تو خود ہوٹل بناکر چلائے۔ وفد کو مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور فرسٹ ویمن بینک کی بھی آفر کی گئی۔

سعودی وفد کو ہیلتھ سٹی بنانے کی بھی پیش کش کی گئی اس کے لئے سی ڈی اے پارٹنر بننے یا زمین دے کر پیسے لینے کے لئے بھی تیارہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ بے مثال تعلقات ہیں۔ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔ یہ دورہ پاکستان، سعودیہ سٹریٹیجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب سےتجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانےکا خواہاں ہے۔ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کررہا ہے۔ پاکستان برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔

وزیراعظم کاکہنا تھاکہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔

ذرائع کے مطابق سرمایہ کاری منصوبوں کے حوالے سے ایس آئی ایف سی مرکزی سیکریٹر یٹ تمام کام کررہا ہے۔ سعودی وفد صدر زرداری اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کرے گا۔ وزیراعظم سعودی وفد کے ساتھ مختلف پراجیکٹس کوحتمی شکل دینے کے لئے تمام امور کی نگرانی کررہے ہیں۔

مزیدخبریں