مختلف ممالک میں قیام پذیر سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے گزشتہ 15 دن میں 4.5 ارب روپے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے ملک بھیجے گئے ہیں۔
نیا دور میڈیا کے پاس موجود وزارت خزانہ کے دستاویزات کے مطابق 28 جولائی سے 15 اگست 2022 کے دورانیے میں 24 سے زائد ممالک سے سمندر پار پاکستانیوں نے 437،273 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے یہ ترسیلات بھیجی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ سے 16,397 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے 374.7 ملین روپے ملک بھیجے گئے۔ لندن سے 46،287 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے 285.4 ملین روپے ملک بھیجے گئے۔
سعودی عرب سے 131،356 اکاؤنٹس سے 777.8 ملین روپے، متحدہ عرب امارات سے 109,191 اکاؤنٹس سے 1،429.3 ملین، بحرین کے 6,993 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے 123.2 ملین روپے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ملک بھیجے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کی حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر ملک بھیجنے کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی سہولت فراہم کی تھی۔
ڈیجیٹل بینکنگ کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکاؤنٹ کھلوانے کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے بنیادی معلومات اور دستاویز آن لائن فراہم کرنا ہوتی ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستانی بینکنگ کا جدید ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم فراہم کیا جاتا ہے۔ فنڈز ٹرانسفر، بل پیمنٹ اور ای کامرس سمیت تمام بنیادی بینکنگ سروسز روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں دستیاب ہوتی ہے۔
وزارت خزانہ کی تفصیلات کے مطابق کویت میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں نے 6,570 اکاؤنٹس سے 77.6 ملین روپے پاکستان بھیجے ہیں۔ قطر کے 13,063 اکاؤنٹس سے 131.2 ملین، عمان کے 11,506 اکاؤنٹس سے 74.2 ملین، جرمنی کے 5,354 اکاؤنٹس سے 24.3 ملین جبکہ فرانس کے 2,279 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے 7.2 ملین روپے ملک بھیجے گئے ہیں۔
پاکستان کو مالی سال 2022 میں 31 ارب ڈالر سے زیادہ کی ریکارڈ ترسیلات سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے موصول ہوئیں، جو کہ مالی سال 2021 کے مقابلے میں 6.1 فیصد زیادہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیدر لینڈ کے 980 اکاؤنٹس سے 5.7 ملین روپے، اسپین کے 2,623 اکاؤنٹس سے 7.2 ملین، اٹلی کے 6,172 اکاؤنٹس سے 16.5 ملین، یونان کے 936 اکاؤنٹس سے 2.5 ملین، سویڈن کے 2,070 اکاؤنٹس سے 9.2 ملین، ڈنمارک کی 1,135 اکاؤنٹس سے 4.7 ملین جبکہ آئرلینڈ کے 2,751 ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے 20.6 ملین روپے سمندر پار پاکستانیوں نے ملک بھجے ہیں۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جون 2022 میں 2 ارب 76 کروڑ 10 لاکھ ڈالر بھیجے جو مئی کے 2 ارب 33 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 42 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔
وزارت خزانہ کے دستاویزات کے مطابق بیلجیم کے 605 ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے 2.9 ملین، ملایشیا کے 4,788 اکاؤنٹس سے 18.9 ملین، ناروے کے 1,871 اکاؤنٹس سے 7.7 ملین، سوئٹزرلینڈ کے 420 اکاؤنٹس سے 61.3 ملین، آسٹریلیا کے 12,478 ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے 80.3 ملین، کینیڈا کے 11,953 اکاؤنٹس سے 127.5 ملین، چاپان کے 824 اکاؤنٹس سے 2.3 ملین جبکہ دیگر ممالک کے 38,671 اکاؤنٹس سے 1,073.7 ملین روپے پاکستان بھیجے گئے ہیں۔