تفصیلات کے مطابق او آئی سی وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہونے جا رہا ہے جس کے باعث شہر میں تین دن کے لیے موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق 17 ، 18,19 دسمبر کو اسلام آباد میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔
وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو موبائل فون سروس بند کرنے کا حکم جاری کر دیا۔وزارت خارجہ نے 20 دسمبر کو اسلام آباد میں عام تعطیل کی سفارش کر دی۔چھٹی کا مقصد وی آئی پی موومنٹ کے دوران سیکیورٹی ممکن بنانا ہے۔قبل ازیں گذشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔اجلاس کے حوالے سے وزارتِ خارجہ میں، سیکرٹری خارجہ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کی جانب سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی گئی ۔ افغانستان کے حوالے سے منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے وزرائے خارجہ و دیگر معزز مہمانوں کے پر تپاک استقبال کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں اہم مقامات پر مہمانوں کے خیر مقدم کیلئے بل بورڈز نصب کیے جائیں گے۔او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے 19 دسمبر کو ہونے والے اجلاس کی وجہ سے 20 دسمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 19 دسمبر کو قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہو گا جس کی وجہ سے سینیٹ سیکرٹریٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو 13 سے 20 دسمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس دوران صرف ضروری عملہ کو ہی دفاتر میں آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔