اگر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف وزیراعظم کے امیدوار نہ بن سکے تو متبادل کون ہوگا؟

07:26 PM, 16 Dec, 2021

نیا دور
صحافی انصار عباسی کا کہنا ہے کہ اگر شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے عہدے کیلئے امیدوار نہ بن پائے تو ان کی جگہ مریم نواز نہیں بلکہ شاہد خاقان عباسی شریف امیدوار ہوں گے۔

خیال رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے کچھ روز قبل کہا تھا کہ شہباز شریف ن لیگ کی طرف سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔ تاہم محمد زبیر نے ان کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی تک جماعت کے اندر ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

محمد زبیر کا کہنا تھا مریم نواز شریف پر مقدمات کمزور ہیں، ان میں ان کی بریت کے چانس ہیں۔ ایسی صورت میں وہ وزارت عظمیٰ کی امیدوار ہو سکتی ہیں۔

تاہم خواجہ آصف نے ایک پروگرام میں دوبارہ شہباز شریف کا اس عہدے کیلئے نام لے لیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں شاہد خاقان عباسی کے بیان کی توثیق کروں گا کیونکہ شہباز شریف ہماری جماعت کے صدر ہیں، وہی آئندہ انتخابات میں ن لیگ کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار بھی ہوں گے۔

انصار عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ مریم نواز شریف وزارت عظمیٰ کے عہدے کی امیدوار نہیں ہیں۔ شریف فیملی نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن فتح کی صورت میں شہباز شریف ہی وزیراعظم ہوں گے۔ تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو ان کے بعد اولین چوائس شاہد خاقان عباسی ہیں جو اسٹیبلشمنٹ کیلئے قابل قبول بھی ہیں۔

 
مزیدخبریں