نواز شریف واپس آنا چاہیں تو ای ٹی ڈی جاری کیا جاسکتا ہے، پاسپورٹ کی تجدید نہیں کر سکتے: شیخ رشید

10:22 AM, 16 Feb, 2021

نیا دور
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نےنواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہونے سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ جس فرد کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ہو اسے پاسپورٹ جاری نہیں کیا جاسکتا اور نہ اس کی تجدید ہوسکتی ہے لیکن اگر نواز شریف صاحب واپس ملک میں آنا چاہیں تو 72گھنٹوں میں ایمرجنسی ٹریولنگ ڈاکیومنٹ (ای ٹی ڈی) جاری کیا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اگر انہیں پاکستان آنا ہو اور بیرونِ ملک سفارتخانے میں اپلائی کریں تو انہیں ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے جسے ای ٹی ڈی کہتے ہیں اور اگر پاکستان نہ ہونا ہو تو آج رات 12 بجے ان کے پاسپورٹ کی آئینی و قانونی حیثیت ختم ہوجائے گی۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ آج رات 12 بجے نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید ختم ہورہی ہے، 20 اگست 2018 سے نواز شریف اور مریم نواز کا نام قومی احتساب بیورو (نیب) کی ہدایت پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے خود کہا ہے کہ ایک مرتبہ باہر جانے کی اجازت دینے کو غلط استعمال کیا گیا اور ہائی کورٹ نے اب خود فیصلہ دیا کہ وہ واپس پاکستان آئیں جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان آنے سے نہیں روکا جارہا، ان کے پاسپورٹ کی تجدید آج رات 12 بجے ختم ہورہی ہے اور انہیں پاکستان آنے کے لیے ایمرجنسی ٹریولنگ ڈاکیومنٹ دیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویسے مریم نواز کا نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں درج ہے۔
مزیدخبریں