گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کے حال ہی میں کیے گئے سروے کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے ووٹرز سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پارٹی کے صدر میاں محمد شہباز شریف کو مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا متبادل سمجھتے ہیں۔
گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کے مطابق سروے میں مسلم لیگ ن کے ایک ہزار 2 سو 25 ووٹرز سے سوال پوچھا گیا تھا کہ نواز شریف کی غیر موجودگی میں کون سے رہنما میں مسلم لیگ ن کی قیادت کرنے کی اہلیت ہے؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے 49 فیصد ووٹرز نے شہباز شریف کے حق میں ووٹ دیا اور کہا کہ وہ نواز شریف کی غیر موجودگی میں پارٹی کی قیادت کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
سروے کے مطابق 12 فیصد ووٹرز نے مریم نواز جبکہ 3 فیصد اور 2 فیصد ووٹرز نے بالترتیب حمزہ شہباز اور شاہد خاقان عباسی کے حق میں ووٹ دیا۔
سروے رپورٹ کے مطابق 14 فیصد افراد کا یہ ماننا ہے کہ مسلم لیگ ن کے کسی رہنما میں اہلیت نہیں ہے کہ وہ نواز شریف کی غیر موجودگی میں پارٹی کی قیادت کر سکے۔