صحافتی تنظیم ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے ”آف دی ریکارڈ“ پر پابندی کو مسترد کر دیا

02:38 PM, 16 Jan, 2020

نیا دور
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں وفاقی وزیر فیصل واڈا کی جانب سے غیراخلاقی حرکت اور ریاستی ادارے کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش پر پروگرام اور اس کے میزبان پر 60دن کی پابندی عائد کردی ہے۔

نجی چینل 'اے آر وائے نیوز' کے پروگرام 'آف دی ریکارڈ' میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید عباسی بطور مہمان موجود تھے۔

https://twitter.com/reportpemra/status/1217534335093477377?s=20

دوران گفتگو صورتحال اس وقت انتہائی تضحیک آمیز ہوگئی جب فیصل واڈا نے 'فوجی بوٹ' میز پر رکھتے ہوئے کہا کہ 'مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے'۔

پیمرا نے وفاقی وزیر کی اس حرکت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے دوران فیصل واڈا کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات انتہائی غیرسنجیدہ اور توہین آمیز تھے بلکہ انہوں نے ایک ریاستی ادارے کے وقار کو مجروح کرنے کی بھی کوشش کی۔

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (امینڈ)نے اینکر پرسن کاشف عباسی پر پیمرا کی جانب سے عائد کی گئی 60 روز کی پابندی کے فیصلے کو مسترد کردیا۔

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسو سی ایشن کی پروگرام ”آف دی ریکارڈ “ اور کاشف عباسی پر 60 دن کی پابندی کی شدید مذمت کرتے ہیں، نا ہی چینل اور نا ہی اینکر کو موقف پیش کرنے کاموقع دیا گیا، پابندی کا حکم رات ایک بجے جاری کیا گیا، غیرمعمولی جلدبازی میں حکم سے ظاہر ہوتا ہے پیمرا کا اقدام بدنیتی پر مبنی ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر اظہر عباس نے کہا کہ پروگرام میں ایک وفاقی وزیر نے نامناسب کام کیا لیکن پیمرا نے وزیر سے پوچھنے کی بجائے پروگرام اور اینکر پر پابندی لگادی حالانکہ اینکر نے اگلے پروگرام میں ہی اپنی پوزیشن واضح کردی تھی۔میڈیاکی آزادی دبانے کیلئے پیمرا یا حکومت کے کسی بھی اقدام کی مزاحمت کی جائے گی، پیمرا کاشف عباسی اور ان کے شو پر پابندی فوری اٹھائے۔

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز کے سیکرٹری جنرل عماد یوسف نے کہا کہ پیمرا کا اقدام میڈیاکی آزادی مزید کم کرنے کے بڑے منصوبے کی نشاندہی کرتاہے، کاشف عباسی اور ان کے شو پر پابندی فوری طور پرہٹائی جائے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا اظہار مذمت


ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پیمرا کی جانب سے عائد پابندی کی آزادی اظہار کے حق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے پروگرام پر پابندی کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔





ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کو آزادانہ اور بلا خوف و خطر کام کی اجازت ہونی چاہیے۔





مزیدخبریں