بلدیاتی انتخابات؛ پیپلز پارٹی 80، جماعت اسلامی 49 اور پی ٹی آئی 29 سیٹوں پر کامیاب

03:21 PM, 16 Jan, 2023

نیا دور
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی 80 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہے، جماعت اسلامی 49 سیٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ تحریک انصاف 29 سیٹوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔

الیکشن کمیشن ک جانب سے مہیا کئے گئے نتائج کے مطابق شہر کی 170 یونین کمیٹیز کے نتائج میں پیپلز پارٹی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 80 نشستیں لے کر سب سے آگے ہے جبکہ جماعت اسلامی 49 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور تحریک انصاف 29 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

الیکشن کمیشن کےمطابق مسلم لیگ (ن) نے اب تک 6 جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔  تحریک لبیک اور مہاجر قومی موومنٹ ایک ایک نشست جیت سکی ہیں جبکہ 2 سیٹوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق شہر کی 65 نشستوں پر چیئرمین اور وائس چئیرمین کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔

خیال رہے پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی کے علاوہ حیدر آباد، دادو، مٹیاری، جام شورو، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول کی ضلع کونسلوں میں بھی برتری حاصل کر رکھی ہے جبکہ ٹنڈو الہ یار میونسپل کمیٹی میں بھی میدان مار لیا ہے۔ اس کے علاوہ میونسپل کمیٹی دادو، بول ہاری، مٹیاری، جوہی، کوٹری اور سیہون شریف میں بھی پیپلز پارٹی سب سے آگے ہے۔
مزیدخبریں