سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس حوالے سے آج منگل 16 جولائی کو ایک نوٹس جاری کیا ہے، جس میں تمام فضائی راستے کھولنے کی اطلاع دی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود تمام طرح کی سول ٹریفک کے لیے فوری طور پر کھولی جا رہی ہے۔ ادارے کے مطابق ابھی تک شمال سے جنوب اور جنوب سے شمال کے صرف تین روٹ کھلے تھے، لیکن اب تمام فضائی راستے کھول دیے گئے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد اب بھارتی ائیر لائنز بھی پاکستانی فضائی حدود میں سے گزر سکیں گی۔
فضائی حدود کی بندش ختم ہونے کے بعد لاہور سے نئی دہلی، بنکاک، کوالالمپور، سری لنکا اور ارمچی کی پروازیں بحال ہوگئی ہیں۔
جغرافیائی اعتبار سے پاکستانی فضائی حدود ایک اہم روٹ ہے اور اس کی بندش کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں پروازیں متاثر ہو رہی تھیں۔ متبادل فضائی راستہ اختیار کرنے کی وجہ سے نہ صرف سفر ان پروازوں کا دورانیہ طویل ہو گیا تھا بلکہ ایئرلائنز کی ایندھن کے اخراجات بھی بڑھ گئے تھے۔
یاد رہے کہ رواں برس 27 فروری کو پاکستان ائیر فورس نے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔ اس واقعے کے بعد پاکستان نے اپنی تمام فضائی حدود اور ایئرپورٹس کو بند کردیا تھا۔ کچھ روز بعد اہم ہوائی اڈے تو کھول دیے گئے تھے لیکن فضائی حدود مہینوں تک بند رہی، پہلے مرحلے میں 3 روٹس کھولے گئے تاہم مشرقی حدود نہیں کھولی گئی تھی جسے اب کھول دیا گیا ہے۔