تازہ ترین خبر بالی ووڈ کے ابھرتے ستارے سشانت سنگھ کی ہے جنہوں نے پولیس رپورٹ کے مطابق 34 سال کی عمر میں پنکھے سے لٹک کر خود کشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔
انکی موت سے ایک بار تو انٹرٹینمنٹ انڈسٹری ہل کر رہ گئی ہے اور انکے مداح بھی صدمے میں ہیں۔ تاہم اب انکی موت سے جڑی ایک اور کہانی منظر عام پر آئی ہے۔
یہ کہانی ہے بالی ووڈ کے ڈائریکٹر شیکھر کپور اور انکی تا حال نا مکمل فلم پانی کی۔ بی بی سی کے مطابق اپنے دور کی مقبول ترین فلمیں ’معصوم' اور 'بینڈیٹ کوئن' بنانے والے شیکھر کپور اب تک کی اپنی سب سے ’بڑی‘ فلم ' پانی' بنانے کے لیے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے جدوجہد کر رہے ہیں۔
اس فلم میں سُشانت سنگھ اور اپنی منفرد اداکاری کے لئے مشہور بھارتی اداکار منوج باجپائی کام کرنے والے تھے جسے بھارت کے بہت بڑے پروڈکشن ہاؤس یش راج فلمز پروڈیوس کرنے والے تھے۔ ان کے مطابق چند ماہ تک فلم کی تیاری کے بعد یش راج فلمز اس کی پروڈکشن سے علیحدہ ہوگیا جس کے بعد شیکھر کپور ملک سے باہر چلے گئے۔
سشانت کی موت کے بعد ایک ٹویٹ کی جس سے تمام نظریں شیکھر کپور پر جا ٹکی ہیں۔ اپنی ٹویٹ میں شیکھر کپور نے لکھا ’مجھے اس درد کا پتا تھا جس سے تم گزر رہے تھے۔ مجھے ان لوگوں کی داستانیں بھی پتا تھیں جنھوں نے تمہیں اتنا مایوس کیا کہ تم میرے کاندھے پر سر رکھ کر روئے۔ کاش میں گزشتہ چھہ ماہ میں تمہارے ساتھ ہوتا۔ کاش تم نے مجھ سے رابطہ کیا ہوتا۔ تمہارے ساتھ جو ہوا وہ تمہارا نہیں ان کا مکافات ہے۔
https://twitter.com/shekharkapur/status/1272424331893563393
شیکھر کپور نے اس ٹویٹ کے بعد اداکار منوج باجپائی کے ساتھ اپنے انسٹا لائیو سیشن میں مزید انکشافات کیئے ہیں اور اپنے پچھتاوے کا بھی اظہار کیا ہے۔
منوج نے جب شیکھر کپور سے پوچھا کہ اس وقت انھیں کیا بات سب سے زیادہ پریشان کر رہی ہے تو شیکھر نے کہا کہ پریشان وہی کر رہا ہے جو میں نے نہیں کیا۔ پروڈیوسرز نے کہا کہ ’ پانی‘ نہیں بنائیں گے۔ کاش میں سُشانت کے ساتھ کوئی اور فلم بنا لیتا۔ میں ناراض ہو کر انڈیا سے باہر چلا گیا۔ دوسری بات یہ کہ میں گزشتہ چھہ ماہ سے سُشانت سے رابطے میں نہیں تھا۔ میں نے فون نہیں کیا۔ گھر چلا جاتا، بات کر لیتا، کچھ نہیں کیا۔'
انھوں نے کہا کہ ’سُشانت ایک بہت دلچسپ شخصیت کا مالک تھا۔ مجھے بہت افسوس ہے اندر ہی اندر۔۔۔ شیکھر کپور کا کہنا تھا کہ ’کل میرے گھر پر بہت سے لوگ تھے، وہ سب سُشانت کی باتیں کر رہے تھے۔ میں چاہ رہا تھا کہ بس کسی طرح وہ چلے جائیں، مجھے اکیلا چھوڑ دیں۔ جب وہ چلے گئے تو میں بہت رویا۔ میں یہی سوچ رہا تھا کہ ’ پانی‘ نہیں بن سکی تو کوئی اور فلم ہی بنا لیتا۔'
اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بالی ووڈ میں موجود اقربا پروری اور اینٹی آؤٹ سائڈرز رویہ رکھنےپر گلیمر کی اس دنیا پر سوال اٹھائے ہیں۔ کئی صارفین نے اس موت کی جانچ کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔