سندھ کے ساتھ زیادتی کیوں؟

01:27 PM, 16 Jun, 2020

عمیر سولنگی
 

کل جب میں وزیراعلی سندھ کی پریس کانفرنس دیکھ رہا تھا تو مجھے فورا محلے میں رہنے والی ایک خاتون یاد آگئی جو اپنے بچوں کے ساتھ بہت ہی پیار سے پیش آتی اور اپنے شوہر کی پہلی بیوی کے بچوں سے اس کا رویہ دشمنوں جیسا ہوتا۔ وفاق سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے۔ وفاق کا پنجاب اور دیگر صوبوں کے لئے رویہ الگ ہے اور سندھ کے ساتھ سلوک الگ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ سندھ میں عمران نیازی کی پارٹی کی حکومت نہیں۔

مخالفین بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ کورونا کے خلاف جنگ میں سندھ کی کارکردگی وفاق اور دیگر صوبوں سے بہت بہتر ہے۔ ایسے وقت میں جب کورونا کے خلاف جنگ میں سندھ متحرک کردار ادا کر رہا ہے وفاق کا سندھ کے بجٹ میں اضافہ کرنے کے بجائے سندھ کے بجٹ میں 229 ارب روپے کی کٹوتی کرنا سندھ کے ساتھ زیادتی ہے۔

قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں سندھ کے وزیراعلیٰ کو بات کرنے کی اجازت نہ دینا کہاں کا انصاف ہے؟ عمران نیازی آخر کب تک تحریک انصاف کے چیئرمین بن کر ملک چلائیں گے؟ عمران نیازی کو تحریک انصاف کا نہیں پاکستان کا وزیراعظم بننا چاہیے۔ بغض پیپلز پارٹی کا شکار عمران خان سندھ کے ساتھ زیادتی پر اتر آئے ہیں جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ سندھ کے عوام نے عمران نیازی کو مسترد کیا اور پیپلز پارٹی کو منتخب کیا اور شاید یہی وجہ ہے کہ عمران خان سندھ کے بجٹ میں 229 ارب روپے کی کٹوتی کر کے سندھ کے عوام سے بدلہ لے رہے ہیں۔

وفاق کی جانب سے موجودہ بجٹ میں سندھ کے لئے کوئی ایک بھی منصوبہ نہیں۔ سندھ حکومت نے 7 منصوبے پیش کئے مگر ایک بھی بجٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔ وفاق کا یہ صوبوں کے ساتھ دہرا معیار وفاق کو کمزور کرے گا۔ وفاق کو آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سندھ کے منصوبے بھی شامل کرنے چاہیے۔
مزیدخبریں