فرح خان کیخلاف کرپشن کيس ميں بڑی پيشرفت، 11 کمپنیوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

04:06 PM, 16 Jun, 2022

نیا دور
سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دیرینہ دوست فرح خان کیخلاف کرپشن کيس ميں بڑی پيشرفت سامنے آئی ہے۔ ان کی گیارہ کمپنيوں کی تفصيلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔

سماء ٹی وی کے رپورٹر زاہد گشکوری کی رپورٹ کے مطابق فرح خان عرف گوگی کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) نے ان کے اثاثوں کی تفصیلات چار متعلقہ اداروں سے حاصل کی ہیں۔ ان اداروں میں اسلام آباد انتظامیہ، پنجاب ریوینو اتھارٹی، ایف بی آر اور سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) شامل ہیں۔

اس حوالے سے فرح خان کے شوہر احسن جمیل گجر کا کہنا ہے کہ ان میں کچھ کمپنیاں ہمارے نام پر تھیں، اس میں کچھ پارٹنرز بھی تھے، اور تمام جائیدادیں بھی ظاہر کی گئی ہیں۔ ان میں سے کسی ايک کمپنی نے بھی ایک ارب روپے کا کاروبار نہيں کيا۔ تمام کمپنياں کاروبار کے ابتدائی مراحل ميں ہيں۔ انہیں اپنے بزنس پارٹنر مظاہر کو طلب کرنے کے بارے ميں علم نہيں جبکہ ايمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے سے متعلق تفصيلات ياد نہيں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان کمپنیوں کے دیگر شراکت داروں میں حميرا باجوہ، عرفان ملک، نذر مرشد اور فردوس اقبال بھی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ اس رپورٹ میں کمپنيوں کا کاروباری حجم ایک ارب روپے سے زيادہ بتايا گیا ہے تاہم احسن جمیل گجر اس سے انکاری ہیں۔ تاہم انہوں نے بھی تصدیق کی کہ وہ اور ان کے اہلخانہ ان کمپنيوں کےعہدیدار ہيں۔

احسان جمیل 2003 میں قائم کی جانی والی غوثیہ بلڈرز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں ۔ اس کا فائلنگ کا طریقہ کار فعال ہے۔ اے اینڈ ای پرائیویٹ لمیٹڈ بھی احسن جمیل کی ملکیت ہے۔

اپریل 2018 میں ڈاکٹرز کلینیکل کیئر پرائیویٹ لمیٹڈ کا قیام عمل میں لایا گیا جو احسن اقبال جمیل اور مسز فردوس اقبال کی ملکیت ہے۔

احسان اقبال جمیل ، فرح خان، حمیرہ رحمان باجوہ، عرفان احمد ملک ، مظاہر بیگ اور نذر شاد مشترکہ طور پر سینیٹوریا ہسپتال مینجمنٹ کپمنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے مالک ہیں۔ یہ کمپنی اکتوبر 2020 میں قائم ہوئی اور اس کی فائلنگ فعال نہیں ہے۔

سماء ٹی وی کے مطابق مئی 2018 میں دیان ڈیولپرز پرائیویٹ لمیٹڈ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم احمد جب کہ فرح اس کی ڈائریکٹر تھیں۔ دیان ڈیولپرز آف لائن طرز پر کام کر رہا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان کمپنيوں ميں المعيز ڈيری، البراق، سینیٹوریا اسپتال اورغوثیہ بلڈرز شامل ہیں۔ دستاویزات کے مطابق المعز ڈیری اینڈ فوڈ پرائیویٹ لمیٹڈ اکتوبر2021 میں بنائی گئی، اس کی ڈائریکٹرز بشریٰ خان اور فرح خان ہیں۔ بشریٰ بی بی اور فرح خان کی مشترکہ ملکیت البراق ہائوسنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کا قیام 2016 میں عمل میں لایا گیا اور اس کی فائلنگ فعال ہے۔

سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے نیب کو فرح خان کی 11 کمپنیوں کی تفصیلات مہیا کی ہیں، جس میں فرح خان کی والدہ بشریٰ خان اور شوہر احسن جمیل گجر کی کمپنیاں بھی شامل ہیں اور زيادہ تر کمپنياں پچھلے 4 سال کے دوران بنائی گئی ہیں۔

 
مزیدخبریں