صحافی سمیع ابراہیم اور شعیب شیخ کے خلاف دہشت گردی و غداری کا مقدمہ درج

صحافی سمیع ابراہیم اور شعیب شیخ کے خلاف دہشت گردی و غداری کا مقدمہ درج
سینئر صحافی سمیع ابراہیم اور بول نیوز کے مالک شعیب شیخ کے خلاف دہشت گردی اور غداری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

صحافی سمیع ابراہیم اور شعیب شیخ کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں شہری کی درخواست پر انسداد دہشت گردی اور بغاوت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمے میں مدعی شہری عارف اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اینکر سمیع ابراہیم ایک منظم سازش کے ذریعے ملکی سلامتی کے ضامن محکمے کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور شعیب شیخ بھی اُن کے شریک کار ہیں۔

مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ سینئر صحافی سمیع ابراہیم اور شعیب شیخ غیرملکی ایجنسیوں کے آلہ کار ہیں اور منظم سازش کے تحت اور ملک دشمن ایجنسیوں کی ایما پر ملک میں دشمنی، بدامنی اور دہشتگردی پھیلا رہے ہیں۔ ملزمان ملک میں بدامنی اور خانہ جنگی کرانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے لیے عوام کو بھڑکا رہے ہیں۔ ملزمان اپنے پروگرامز اور ویڈیو پیغامات کے ذریعے دہشتگردی کے عوامل کو فروغ دے رہے ہیں۔ عوام میں حکومت اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف نفرت، بغاوت اور دشمنی پھیلا رہے ہیں۔ ملزمان ملک دشمنی میں اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ پاک افواج جوانوں کو اپنے حلف سے بغاوت پر اکسا رہے ہیں۔

مقدمے میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سمیع ابراہیم نے 9 مئی کو پروگرام کے ذریعے اکسایا اور براہ راست ہدایات دیں۔ ان کے اکسانے کی وجہ سے پورے ملک میں آگ پھیل گئی اور لوگ باہر نکلے۔ اس کے علاوہ ملزمان ملکی سلامتی کے اداروں اور عسکری اداروں کو بھی بدنام کرہے ہیں۔ ملزمان کے ان عوامل کا مقصد ملک میں سیاسی بنیادوں پر دہشتگردی پھیلانا ہے تاکہ لوگوں کو خوف اور دہشت میں مبتلا کرکے ملکی سلامتی کو کمزور کیا جائے۔

مقدمہ درج کرنے والے کے مطابق نو مئی کو فوجی تنصیبات پر شر پسندوں کو حملے کرانے کے لیے اُکسانے میں بھی سمیع ابراہیم اور شعیب شیخ کا ہاتھ ہے۔

پولیس نے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کے قانون کی دفعہ سات شامل کی ہے جو ناقابل ضمانت ہے۔