'عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننا ملک ریاض کے پاس واحد آپشن ہے'

05:23 PM, 16 Jun, 2023

نیا دور
آصف زرداری دبئی میں ملک ریاض سے ملے ہیں۔ القادر ٹرسٹ کیس میں ملک ریاض اگر اس بنیاد پر پلی بارگین مانگ لیتے ہیں کہ ان کے جرمانے والے پیسے حکومت پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے جائیں تو اس کے بعد عمران خان کو مذکورہ مقدمے میں خاصا نقصان ہو سکتا ہے۔ ملک ریاض اس کیس میں سزا لینے کے بجائے وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے تیار ہو جائیں گے۔ یہ کہنا ہے مزمل سہروردی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا قانون منظور ہونے کے فوراً بعد نواز شریف اور جہانگیر ترین اہل ہو گئے ہیں۔ دوسری اہم تبدیلی یہ آئی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اب اگر الیکشن کمیشن کو کہے کہ انتخابات ایک سال آگے کر دیں تو وہ کر دیں گے۔ صدر مملکت حج پر جا رہے ہیں اور قائم مقام صدر صادق سنجرانی اس قانون پر فوراً دستخط کر دیں گے اور یہ قانون بن جائے گا۔

سینیئر صحافی خالد قیوم نے کہا کہ اسحاق ڈار اور رضا ربانی نے ہمیشہ سے دونوں جماعتوں کے مابین رابطہ بحال رکھا ہے۔ اس وقت پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے دونوں جماعتوں کو قریب رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پارلیمان کی جانب سے یہ تیسرا قانون ہے جس میں ترمیم کی گئی ہے اور اس کا مقصد نواز شریف کی وطن واپسی کی راہ کو ہموار کرنا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کسی ایسی محاذ آرائی پہ نہیں اتریں گی جس کا فائدہ ان کے مشترکہ حریف عمران خان کو پہنچ سکتا ہو۔ ایک جانب سپریم کورٹ کا 62 ون ایف کا فیصلہ ہے اور اب دوسری طرف آج کی قانون سازی ہے تو ہو سکتا ہے سپریم کورٹ اس قانون کو سٹرائیک ڈاؤن کر دے۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی اور مرتضیٰ سولنگی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔
مزیدخبریں