وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے ان کے پیاروں کے بچھرنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پورا ملک متحد ہے اور ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا، آپ لوگ ہم میں سے ہی ہیں اور ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں لیکن تشدد کا ارتکاب کرنے والے لوگ ہم میں سے نہیں۔
https://youtu.be/mtUqDr0ZOw4
جیسنڈا آرڈرن نے ملک میں رائج اسلحہ کے قوانین میں ترمیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا، ان کی حکومت نیم خودکار اسلحے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر چکی ہے۔ اس حوالے سے موجود قوانین میں مزید اصلاحات کے لیے سوموار کے روز کابینہ کا اجلاس ہو گا۔
دوسری جانب کرائسٹ چرچ کے متاثرہ مسلمان خاندان شہدا کی تجہیز و تدفین کی تیاری کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق، شہدا اور زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔
ملک کے معروف مقامات پر ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ جمع ہو رہے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ وہ ان کے لیے پھول رکھ رہے ہیں اور دیواروں پر ایسے پوسٹرز چسپاں کر رہے ہیں جن میں متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔
حملے کے متاثرین کے لیے ایک آن لائن فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے جس میں اس قدر بڑی تعداد میں عطیات جمع ہوئے ہیں جن کے باعث ویب سائٹ کریش کر گئی ہے۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ، دو مساجد میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات، 49 افراد ہلاک
یاد رہے کہ آسٹریلوی نژاد دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو کرائسٹ چرچ کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، حملہ آور کو پہلی ہنگامی کال کے 36 منٹ بعد گرفتار کیا گیا اور اس کی گاڑی سے مزید پانچ ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں جن کا اسلحہ لائسنس اس کے پاس موجود تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مساجد کو لہو رنگ کرنے والا برینٹن ٹیرنٹ کون ہے؟