چوری کے پیسے سے سیاستدانوں کو خریدا جا رہا ہے، قوم گھروں سے نکلے: وزیراعظم عمران خان

12:07 PM, 16 Mar, 2022

نیا دور
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چوری کے پیسے سے سیاستدانوں کو خریدا جا رہا ہے۔ 20، 20 کروڑ روپے ضمیر کی قیمت لگا دی گئی ہے۔ قوم پر لازم ہے کہ وہ ہارس ٹریڈنگ کیخلاف اٹھ کھڑی ہو۔

سوات میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 27 مارچ کو میں نے انسانوں کے سمندر کو امر بالمعروف پر اسلام آباد آنے کی دعوت دی ہے۔ قوم گھروں سے نکلے اور بتائے کہ وہ حق اور سچ کیساتھ کھڑی ہے۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم چوروں، منافقوں، ڈاکوئوں اور امریکا کے غلاموں کیخلاف کھڑے ہیں۔ الیکشن کمیشن سے پوچھتا ہوں کہ کیا آئین میں ہارس ٹریڈنگ کی اجازت ہے۔ لوگوں کے ضمیر کی بولیاں لگائی جا رہی ہیں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اپیل کی کہ بلدیاتی انتخابات میں صرف بلے کے نشان کو ووٹ دیں۔ پی ٹی آئی کے جو نوجوان بلے کیخلاف کھڑے ہیں، وہ بیٹھ جائیں کیونکہ ہمیں بلدیاتی الیکشن جیتنا ہے۔

وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی دور میں زراعت میں سب سے زیادہ پیسہ آیا۔ ریکارڈ فصلیں پیدا ہوئیں، اس کے علاوہ پاکستان میں پچاس سال بعد نئے ڈیم بن رہے ہیں، جس سے زراعت میں انقلاب آئے گا اور لوگوں کو پانی بھی ملے گا۔

عمران خان نے کہا کہ سب چور ایک طرف ہوگئے۔ انہوں نے مجھے موقع دیا، اب ایک گیند سے 3 وکٹیں گریں گی۔ تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے کے بچے باہر بیٹھے ہیں ،کہتے ہیں ہم پاکستانی شہری نہیں،ملک کی باہر سے جائیداد کی ایک رسید نہیں دکھاپائے، ان کا منشی اسحاق ڈار سوٹ پہن کر ان کو کہتا ہےکہ میں بھی آپ کی طرح ہوں میں بھی انگلش بولتا ہوں، جب عدالت پوچھتی ہے کہ پیسا کہاں سے آیا تو شہبازشریف کی کمر میں درد ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 100 گیدڑوں کی قوم جس کا سردار شیر ہو وہ قوم جیت جائےگی اور 100 شیروں کی قوم جس کا لیڈر نواز شریف جیسا ہو وہ نہیں جیتےگی، نوازشریف جب پرچیاں پکڑ کر امریکی صدر کے سامنے بیٹھے ہوئے تھے ایک پرچی اسلاموفوبیا کی بھی پکڑنی تھی،جسے تم یہودی کہتے تھے اس نے اسلاموفوبیا کے خلاف بات کی، اگر میرے بھی اربوں روپے ملک سے باہر پڑے ہوتے تو میں بھی ان کے صدر کے سامنے پرچیاں لیکر بیٹھا ہوتا، چوری کے پیسے نے ان کو غلام بنایا ہے ان کے سامنے جھکا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں ڈر ہے کہ عمران خان تھوڑی دیر اور رہ گیا تو یہ جیل جائیں گے، اگر یہ لوگ کامیاب ہوگئے تو سب سے پہلا کام نیب کو ختم کرنا ہوگا، میرے شکار لے لیے 3 چوہے نکلے ہیں ، میں ان تینوں کا شکار کروں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دین کے نام پر سیاست کرتے ہیں، ان سے سوال کرتاہوں کہ آپ 30 سال ہر حکومت میں شامل رہے، کیا کبھی کسی مغربی رہنما کے سامنے اسلامو فوبیا کے خلاف بات کی،جسے یہودی کہتے تھے اس نے وہ کام کیا جو آپ30 سے میں نہ کرسکے،  یہ مدرسے کے بچوں کو میرے خلاف نکالتے ہیں، کہتے ہیں کہ یہ یہودی لابی ہے، آج اقوام متحدہ نے تسلیم کیا کہ دنیا کو اسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔

 
مزیدخبریں