انہوں نے عالمی کپ کے لیے دنیا کے بہترین اور خطرناک ترین بائولر کا نام افشاں کر دیا ہے۔
عالمی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بلے باز سچن ٹنڈولکر نے ہم وطن جسپریت بمراہ کو دنیا کا بہترین بائولر قرار دیا ہے اور اس میں کوئی شبہ بھی نہیں کیوں کہ وہ اس وقت ایک روزہ کرکٹ کے بہترین گیند بازوں کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہیں۔
اور صرف یہی نہیں، انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ میں بھی شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم ممبئی انڈینز کو چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
جسپریت بمراہ ایونٹ میں 19 وکٹوں کے ساتھ ممبئ انڈینز کے کامیاب ترین بائولر تھے جب کہ انڈین پریمیئر لیگ کے فائنل میں مین آف دی میچ کا اعزاز بھی لے اڑے کیوں کہ انہوں نے صرف 14 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے مزید کہا کہ بمراہ مستقل طور پر عمدہ بائولنگ کر رہے ہیں اور اس میں شبہ نہیں کہ وہ اس وقت دنیا کے بہترین گیند باز ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، میں پرامید ہوں کہ ان کی بہترین کارکردگی ابھی سامنے آنا باقی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی ٹیم عالمی کپ کا افتتاحی میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی جب کہ ایونٹ کا سب سے اہم پاک بھارت ٹاکرا 16 جون کو ہو گا۔