عثمان بزدار مشکل میں پھنس گئے، مسلم لیگ ن نے بڑا فیصلہ کر لیا

02:31 PM, 16 May, 2022

نیا دور
سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مشکل میں پھنس گئے ہیں کیونکہ مسلم لیگ (ن) نے ان کے کیخلاف محکمہ اینٹی کرپشن میں درخواست دائر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس بات کا اعلان لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار نے وزيراعلیٰ پنجاب بننے کے بعد 10 ارب 31 کروڑ کے بھاری اثاثے بنائے۔

لیگی رہنما نے الزام لگایا کہ فرح گوگی کو عمران خان نے بیرون ملک فرار کروایا جبکہ ایمنسٹی سکیم فرح گوگی کے کالے دھن کو جائز قرار دینے لائی گئی اور اس سکیم کے تحت کروڑوں کا کالا دھن سفید کروایا گیا۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اقتدار سے نکلنے کے بعد پارسائی کے دعوے کئے جا رہے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ گذشتہ 3 سالوں میں ملکی دولت کو بے دردی سے لوٹا گیا اور عوامی پیسے سے اپنی جائیدادیں بڑھائیں گی۔

لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ايمنسٹی سکيم صرف فرح گوگی کا سياہ دھن سفيد کرنے کيلئے لائی گئی تھی۔ فرح گوگی اور ان کے شوہر کے اثاثوں کی کوئی منی ٹريل نہيں ہے۔ ان دونوں کو عمران خان نے ملک سے فرار کروایا تھا۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کو سابق خاتون اول کے کہنے پر وزيراعلیٰ لگايا گيا۔ کالے دھن کا حصہ بنی گالا پہنچايا جاتا تھا۔ ٹرانسفر پوسٹنگ ميں لين دين کے تانے بانے بنی گالا سے ملتے ہيں۔

 
مزیدخبریں