نواز شریف کے پلیٹلیٹس گرنے کی وجہ ''زہر'' ہو سکتا ہے: حسین نواز شریف

02:47 PM, 16 May, 2022

نیا دور
مسلم لیگ ن کے قائد کے فرزند حسین نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے والد کے نیب حراست کے دوران پلیٹلیٹس گرے تھے، اس کی وجہ زہر ہو سکتا ہے۔ عمران خان نے ان کا ٹیسٹ کیوں نہیں کروایا تھا؟

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے اہم بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میرا سوال انتہائی سادہ ہے۔ نیب کی حراست میں نواز شریف کے پلیٹلیٹس گرے، جس کی وجہ زہر ہو سکتا ہے۔ عمران خان نے اس کا فرانزک ٹیسٹ کیوں نہ کروایا؟

حسین نواز شریف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ عمران خان نے کیوں ان کو خرابی صحت کے باوجود کئی ہفتے بیرون ملک روانگی میں تاخیر کی جس کی وجہ سے فرانزک ٹیسٹ کے نتائج خراب ہو جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں بتاوں گا کہ کون سی زہر استعمال کی جاتی ہے جو کھانے میں ڈالتے ہیں جس سے ہارٹ اٹیک ہو جاتا ہے۔ صوابی میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ایف آئی اے کو تباہ کر رہی ہے۔ جن افسروں نے شریف خاندان کے خلاف تحقیقات کیں، ان میں سے ایک کی موت ہوئی اور دوسرا زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔

https://twitter.com/Hussain_NSharif/status/1526159459646590977?s=20&t=uFBPwZn3O8LZopwifv2eog

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ادارے ختم ہوتے ہیں۔ جاپان پر ایٹم بم گرایا گیا لیکن وہ قوم پھر بھی کھڑی ہو گئی۔ افغانستان میں 40 سال سے انتشار ہے، پھر بھی وہ قوم تگڑی ہے۔ جب ایک قوم اچھے اور برے کی تمیز چھوڑ دیتی ہے تو وہ ختم ہو جاتی ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے سیالکوٹ جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے خلاف بند کمروں کے اندر، ملک کے اندر اور ملک سے باہر ایک سازش ہو رہی ہے۔ وہ یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کی جان لے لی جائے۔

 
مزیدخبریں