حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت 12 روپے کمی کیساتھ 270 روپے ہوگئی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 30 روپے فی لٹر کمی کے ساتھ 258 روپے فی لٹر ہوگئی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لٹر قیمت میں 12 روپے کمی کی گئی۔ موجودہ قیمتیں 31 مئی تک جاری رہیں گی۔
اسحاق ڈار نےکہا کہ حکومت زیادہ سے زیادہ عوام کوریلیف دینے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹر حکام سے اپیل کی کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دے دیا۔ آپ بھی کرایوں میں کمی کیلئے اقدامات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب قیمتیں بڑھتی ہیں تو اس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کرایہ بڑھا دیتے ہیں۔ سبزیاں اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ اس لیے پاکستان کے عوام کے لیے کرایوں اور باقی معاملات میں کمی کا اعلان کریں۔
واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 7 سے 10 روپے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے فی لٹر تک کمی کی تجویز دی گئی تھی۔
اس سے قبل وفاقی حکومت نے 16 اپریل کو پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپے اضافہ کر دیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 272 سے بڑھ کر 282 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی تاہم یکم مئی کو پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی تھی جبکہ دیگر مصنوعات کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔