سندھ؛ پانچ ماہ کے دوران ڈاکوؤں نے 300 سے زائد شہری اغوا کر لیے

کچے کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری رہا۔ ان کارروائیوں میں 12 ڈاکو ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مشترکہ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے 110 ٹھکانے بھی تباہ ہوئے جبکہ پولیس کا ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے۔

04:53 PM, 16 May, 2024

حضور بخش منگی

پچھلے پانچ ماہ کے دوران ڈاکوؤں نے سندھ کے پانچ اضلاع سے بچوں سمیت 300 سے زائد افراد کو اغوا کیا جبکہ صرف کندھ کوٹ ضلع کشمور سے ان پانچ ماہ کے دوران 200 سے زائد افراد کو اغوا کیا گیا۔ ان افراد کو ڈاکوؤں نے شادی، عشق، ملازمت اور گاڑیوں کی خرید و فروخت کا جھانسہ دے کر انڈس ہائی وے سے اغوا کیا۔

ایس ایس پی ضلع کشمور کے ترجمان نثار احمد نے بتایا کہ کندھ کوٹ سے اغوا ہونے والوں میں سے 75 افراد کو بازیاب کرا لیا گیا ہے جن میں بچے بھی شامل تھے۔ 40 افراد کو فزیکل ریسیکو کیا گیا جبکہ 99 افراد کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اغوا ہونے سے بچا لیا ہے۔

کچے کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری رہا۔ 60 پولیس مقابلے ہوئے۔ ایک اہلکار شاہنواز ڈاھانی شہید ہوا۔ ایک ایس ایچ او مولا بخش بگٹی سمیت دو اہلکار زخمی ہوئے۔ 12 خطرناک ڈاکوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ 21 ڈاکو زخمی ہوئے۔ 50 مشتبہ افراد گرفتار ہوئے۔ ڈاکوؤں کے 110 ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ضلع کشمور کندھ کوٹ سے پانچ ماہ کے دوران اغوا ہونے والوں میں سے 20 افراد اس وقت بھی ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں۔ اغوا کے ٹوٹل 22 کیسز رجسٹرڈ ہوئے۔

ضلع شکارپور سے 34 افراد اغوا ہوئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق 28 شہریوں کو بازیاب کرا لیا گیا جبکہ 6 شہری تاحال ڈاکوؤں کی تحویل میں ہیں۔ اغوا کے کل 14 مقدمات درج ہوئے ہیں۔

ضلع گھوٹکی سے 28 شہریوں کو اغوا کیا گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق تمام 28 افراد کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ پولیس نے اغوا کے 7 مقدمات درج کیے ہیں۔

ضلع سکھر سے 8 شہری اغوا ہوئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق 3 افراد کو بازیاب کرا لیا گیا جبکہ 5 شہری تاحال ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں۔ سکھر پولیس نے اغوا کا کوئی مقدمہ درج نہیں کیا۔

ضلع جیکب آباد سے 7 افراد اغوا ہوئے جن میں سے 2 بازیاب کروا لئے گئے۔ پولیس کے مطابق 5 شہری ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں۔ جیکب آباد پولیس نے اغوا کا ایک بھی مقدمہ درج نہیں کیا۔

مزیدخبریں