فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کی ایک اور درخواست سماعت کے لئے مقرر

05:57 AM, 16 Nov, 2019

نیا دور
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف دائر توہین عدالت کی ایک اور درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان کے خلاف ایکسل لوڈ کے حوالے سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر درخواست دائر کی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آئندہ ہفتے درخواست پر سماعت کریں گے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے ایکسل لوڈ پر عمل درآمد معطل کرنے کے وزارت مواصلات کے نوٹیفکیشن پر حکم امتناع جاری کیا، جس کے بعد ایکسل لوڈ کے قانون پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ایکسل لوڈ کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان کی ٹویٹ عدالتی حکم کی صریحاً خلاف ورزی ہے لہذا عدالت کی حکم عدولی کرنے پر فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے خلاف پہلے بھی توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ ہے، جس پر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ 25 نومبر کو محفوظ فیصلہ سنائیں گے۔
مزیدخبریں