تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی بار تعطیلات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ طویل عرصے بعد وزیر اعظم 2 دن سرکاری و پارٹی مصروفیات ترک کردیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کی ہفتہ اور اتوار کے لیے سرکاری و پارٹی مصروفیات کا شیڈول ختم کردیا گیا۔ وزیر اعظم یہ دو دن اہلخانہ کے ساتھ بنی گالہ میں گزاریں گے۔
اپنی 2 روز کی تعطیلات کے دوران وزیر اعظم بنی گالہ میں کوئی ملاقات نہیں کریں گے اور نہ کسی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیر اعظم کی عام طور پر بنی گالہ میں ملاقاتیں اور پارٹی اجلاس منعقد کیے جاتے ہیں تاہم اب اگلے دو دن وزیر اعظم سرکاری مصروفیات سے دور اپنے اہلخانہ کے ساتھ گزاریں گے۔
خیال رہے کہ عمران خان نے گزشتہ برس اگست میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا تھا جس کے بعد سے وہ بلاتعطیل کام میں مصروف ہیں۔