نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اظہر جاوید کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا شمیم 2019ء سے میاں نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز سے رابطے میں تھے۔ وہ 9 نومبر کو امریکا سے لندن آئے اور 10 نومبر کو نوٹری پبلک کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔
ان کا کہنا تھا کہ رانا شمیم نے حسن نواز سے رابطہ کرکے اس بات کا اظہار کیا تھا کہ میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کے معاملے میں گواہی دینا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اس وقت جو کشمکش کی صورتحال ہے، اس میں وہ بڑی ٹائمنگ سے یہ اپنا بیان حلفی سامنے لے آئے ہیں۔ اس میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ 17 نومبر کو مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کی اپیل کی عدالت میں سماعت ہونے جا رہی ہے۔
اظہر جاوید نے بڑی خبر دیتے ہوئے کہا کہ یہ تو ابھی پہلا معاملہ سامنے آیا ہے، ابھی اور بھی بڑی چیزیں سامنے آنے والی ہیں۔ ابھی تو صرف تحریری گواہی دی گئی ہے، جو دھماکا خیز چیزیں سامنے آنے والی ہیں ان میں ویڈیوز بھی ہیں۔ ان میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے حوالے سے اور بھی بڑے سنگین الزامات سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان ویڈیوز کو ناصرف ایڈیٹ کیا جا چکا ہے بلکہ ان کا فرانزک بھی ہو چکا ہے۔