فرانسیسی سفیر کیخلاف قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کرو، ورنہ سیالکوٹ واپس نہ آنا، خواجہ آصف کو دھمکیاں

06:23 PM, 16 Nov, 2021

نیا دور
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے انکشاف کیا ہے کہ ان کو فون پر دھمکی آمیز پیغامات موصول ہو رہے ہیں جس میں انھیں کہا گیا ہے کہ میرا قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہونا لازمی ہے کیونکہ وہاں فرانس کے سفیر کیخلاف قرارداد پیش ہونے جا رہی ہے۔

نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ اگر میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک نہ ہوا تو سیالکوٹ واپس نہ آئوں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میں نے یہ پیغامات بھیجنے والے بعض افراد سے رابطہ کرکے ان سے پوچھا کہ انھیں کس نے بتایا ہے کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں فرانس کے سفیر کیخلاف قرارداد پیش ہونے جا رہی ہے؟ بغیر تصدیق کے مجھے کیوں دھمکیاں دے رہے ہو۔



انہوں نے کہا کہ جس طرح اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کا کوئی شریک نہیں، بالکل اسی طرح حضرت محمد ﷺ کو خاتم النبین ماننا بھی ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے بغیر ہمارا ایمان مکمل ہی نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس چیز کو سیاسی بنانا اچھی بات نہیں کیونکہ ایسی چیزوں سے مذہب کا تقدس پامال ہوتا ہے۔ ہمارے مذہب میں صلہ رحمی کا بہت زیادہ حکم دیا گیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں ابھی تک اس چیز کا علم ہی نہیں ہے کہ حکومت نے کیا معاہدہ کیا ہے۔

 
مزیدخبریں