واٹس ایپ صارفین کے لیے بُری خبر

ابھی گوگل ڈرائیو میں واٹس ایپ چیٹ ہسٹری کو سٹوریج کی حد کا حصہ نہیں سمجھا جاتا۔ گوگل اکاؤنٹس کے ساتھ 15 جی بی کی مفت کلاؤڈ سٹوریج ملتی ہے جو جی میل، ڈرائیو اور فوٹوز وغیرہ کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ دسمبر سے واٹس ایپ بیٹا (beta) صارفین کا واٹس ایپ ڈیٹا گوگل سٹوریج میں جگہ گھیرنے لگے گا۔

11:37 AM, 16 Nov, 2023

نیا دور

میٹا کی زیر ملکیت انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے پاکستان سمیت دنیا بھر کے صارفین کے لیے بہت بڑی سہولت ختم ہونے والی ہے۔ واٹس ایپ بیک اپ ڈیٹا کے لیے گوگل ڈرائیو  کی مفت لامحدود سٹوریج محدود ہونے والی ہے۔

تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین اپنے ڈیٹا بیک اپ کے لیے گوگل ڈرائیو پر انحصار کرتے ہیں۔ ابھی واٹس ایپ بیک اپ ڈیٹا کے لیے گوگل ڈرائیو سٹوریج کی کوئی حد نہیں مگر اب صارفین کو بڑے دھچکے کے لیے تیار ہونا ہوگا۔

جی ہاں واقعی واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بہت بڑی سہولت ختم ہونے والی ہے۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق مستقبل قریب میں واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین کا بیک اپ ڈیٹا گوگل ڈرائیو سٹوریج کی 15 جی بی حد یا لمٹ کا حصہ بن جائے گا۔

خیال رہے کہ ابھی گوگل ڈرائیو میں واٹس ایپ چیٹ ہسٹری کو سٹوریج کی حد کا حصہ نہیں سمجھا جاتا۔

گوگل اکاؤنٹس کے ساتھ 15 جی بی کی مفت کلاؤڈ سٹوریج ملتی ہے جو جی میل، ڈرائیو اور فوٹوز وغیرہ کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر سے واٹس ایپ بیٹا (beta) صارفین کا واٹس ایپ ڈیٹا گوگل سٹوریج میں جگہ گھیرنے لگے گا۔

عام صارفین کو اس تبدیلی کا سامنا 2024 میں کسی وقت ہوگا۔

واٹس ایپ ڈیٹا کا بیک اپ اس وقت مددگار ثابت ہوتا ہے جب آپ اپنا فون تبدیل کرتے ہیں اور گوگل ڈرائیو کے ذریعے اس تک رسائی آسان ہوتی ہے۔

جب واٹس ایپ ڈیٹا کے لیے گوگل کی مفت سٹوریج کی گنجائش ختم ہوگی تو پھر صارفین کو گوگل ون (1) کے سبسکرپشن پلان کو انتخاب کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔

گوگل کی جانب سے بھی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس کا اطلاق ان صارفین پر ہوگا جو مفت سٹوریج والے اکاؤنٹس استعمال کر رہے ہیں۔

کمپنی کے مطابق ورک سپیس سبسکرپشن کے حامل اکاؤنٹس اس تبدیلی سے متاثر نہیں ہوں گے۔

گوگل اس طرح کی تبدیلی اپنی مقبول ایپ فوٹوز کے لیے بھی کرچکا ہے جس میں پہلے صارفین کو مفت لامحدود سٹوریج دستیاب تھی۔مگر پھر اسے 15 جی بی سٹوریج تک محدود کر دیا گیا۔

مزیدخبریں