راہول ڈریوڈ کو انڈین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ

04:48 PM, 16 Oct, 2021

نیا دور
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈریوڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کے بعد ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

موجودہ ہیڈ کوچ روی شاستری، جنہوں نے 2017ء کے وسط میں یہ ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، آئندہ ماہ ختم ہونے والے اپنے معاہدے میں توسیع نہیں چاہتے۔ وہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے کرکٹ کے عالمی مقابلے کے بعد اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں گے۔

سابق کپتان راہول ڈریوڈ نے 1996ء سے 2012ء کے درمیان انڈیا کی جانب سے 164 ٹیسٹ اور 344 ایک روزہ میچز کھیلے تھے۔ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ کے طور پر نوجوان کھلاڑی فراہم کرنے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔

https://twitter.com/toisports/status/1449275796502179840?s=20

48 سالہ راہول ڈریوڈ کو 2 سال کے معاہدے کی پیشکش کی جائے گی جس میں اکتوبر، نومبر 2023ء میں بھارت میں کھیلے جانے والا 50 اوورز کا ورلڈ کپ بھی شامل ہوگا۔

کرکٹ کی ویب سائٹ ‘کرک انفو’ کے مطابق راہول ڈریوڈ کے سابق ساتھی پارس مہامبرے، بھرت ارون کی جگہ بطور بولنگ کوچ کرکٹ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ تاہم وکرم راٹھور بطور بیٹنگ کوچ اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

راہول ڈریوڈ کی کوچنگ میں بھارت کی ٹیم رواں سال نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی۔

راہول ڈریوڈ اپنے آبائی علاقے بنگلور میں بی سی سی آئی کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے 2019ء سے بطور ڈائریکٹر منسلک ہیں جب کہ اس سے قبل وہ بھارت کی انڈر 19 اور اے ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
مزیدخبریں