ورلڈ کپ، بھارت فائنل کے لیے فیورٹ ہے: الانا کنگ

پرتھ سکارچرز کی کپتان کا کہنا تھا کہ ابھی تک ٹاپ فور کے بارے میں کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ بھارت، پاکستان سب اپنے دن پر مشکل ٹیمیں ہیں۔ مجھے اچھا لگے گا اگر آسٹریلیا فائنل میں پہنچے گا لیکن بھارت فائنل کے لیے فیورٹ ہے۔ بھارت کے ساتھ ساتھ ہوسکتا ہے جنوبی افریقہ بھی اس بار فائنل کے لیے فیورٹ ہوسکتا ہے۔

08:14 PM, 16 Oct, 2023

نیا دور

الانا کنگ، پرتھ سکارچرز کی کپتان، نے ورلڈ کپ 2023 میں متوقع کڑے مقابلے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت اور پاکستان کو  ٹورنامنٹ  کےمضبوط دعویدار کے طور پر دیکھتی ہیں۔

خواتین کے بگ بیش سیزن 9 کی لانچنگ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الانا کنگ کا کہنا تھا کہ میری کرکٹ کا سفر بھی باقی کرکٹرز کی طرح والد اور بھائیوں کے ساتھ گھر کے صحن میں کھیلنے سے شروع ہوا۔ بھارتی بیک گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے ٹی وی پر ہمیشہ کرکٹ دیکھی، بات ہمیشہ کرکٹ پر ہوئی۔ سمرز میں ہمیشہ آسٹریلین کرکٹ اور بھارتی کرکٹ ٹیم کو کھیلتے دیکھا۔ بچپن سے ہی جیسے بیٹ اور بال پکڑا۔  تب سے کرکٹ سے محبت ہوگئی۔

الانا کنگ  نے کہا کہ افغانستان نے انگلینڈ کو اپ سیٹ کرکے ورلڈکپ کو دلچسپ بنادیا ہے۔افغانستان میں بہت برا زلزلہ آیا۔ امید ہے اس جیت سے انہیں کچھ خوشی ملی ہوگی۔ مشکل وقت میں افغانستان کی جیت سے ان کے چہروں پر مسکراہٹ بکھرگئی ہوگی۔ 

پرتھ سکارچرز کی کپتان کا کہنا تھا کہ ابھی تک ٹاپ فور کے بارے میں کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ بھارت، پاکستان سب اپنے دن پر مشکل ٹیمیں ہیں۔ مجھے اچھا لگے گا اگر آسٹریلیا فائنل میں پہنچے گا لیکن بھارت فائنل کے لیے فیورٹ ہے۔ بھارت کے ساتھ ساتھ ہوسکتا ہے جنوبی افریقہ بھی اس بار فائنل کے لیے فیورٹ ہوسکتا ہے۔ ہم نے حال میں ہی ویسٹ انڈیز کے ساتھ سیریز کھیلی ہے اور بگ بیش کے لیے کافی پرجوش ہیں۔ 

الانا کنگ  کا مزید کہنا تھا کہ بگ بیش ویمن فرنچائز کرکٹ میں سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ امید ہے اس بار ٹرافی اٹھائیں گے۔ ہر ٹیم مینجمنٹ کا پلیئرز کا انتخاب کرنے کا اختیار ان پر منحصر ہے اس میں ہم کچھ نہیں کرسکتے۔ ایشین ویمن کرکٹرز جتنا فرنچائز کرکٹ کھیلیں گی ان کو اتنا زیادہ سیکھنے کو ملے گا۔انڈین کھلاڑی دی ہینڈرز میں بھی کھیلتی نظر آئی۔ بگ بیش نے بھی بہت کرکٹرز کو انسپائر کیا ہے۔جیسے جیسے ویمن انٹرنیشنل کرکٹ کھیلیں گی اور مواقع ملیں گے تو فرنچائز کرکٹ میں بھی جگہ بنے گی۔ ویمن بگ بیش دنیا بھر میں لیڈنگ فرنچائز کرکٹ ہے جس کے بعد ویمن ہینڈرز اور آئی پی ایل کا بھی آغاز ہوا ہے۔ 

انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں کہ جب ہم بھی مینز لیگ کی طرح ویمن لیگز کے بھی بڑے ایونٹس دیکھیں گے۔ ویمن بگ بیش کافی لوگوں کو متوجہ کررہی ہے اس سال بڑے سٹیڈیمز میں بھی مقابلے ہوں گے۔ ہم پر امید ہیں کہ اس بار اچھا کراؤڈ آئے گا اور ہم شائقین کو دعوت بھی دیتے ہیں کہ وہ سٹیڈیم آئیں میچ دیکھیں۔ بگ بیش میں تمام ٹیمیں بیلنس ہیں ایک اچھا مقابلہ ہوگا امید ہے ہم فائنل میں ہوں گے۔

مزیدخبریں