اداکار شان نے ریما کے ساتھ شادی سے متعلق جھوٹ کیوں بولا؟

کہا جاتا ہے شان کو ریما سے محبت ہو گئی تھی۔ وہ ریما سے شادی کرنا چاہتے تھے۔ ریما کو پروپوز بھی کر چکے تھے اور انہوں نے ریما کی والدہ سے بھی بات کر لی تھی۔ لیکن دونوں نے ہی انکار کر دیا تھا۔ وجہ یہ تھی کہ ابھی ریما کا کریئر سٹارٹ ہی ہوا تھا۔

02:20 PM, 16 Oct, 2024

نیا دور
Read more!

کیا اداکار شان شاہد نے جھوٹ بولا کہ وہ ریما سے شادی نہیں کرنا چاہتے تھے؟ معاملہ یہ ہے کہ شان اور ریما کا سکینڈل اپنے وقت کا فلم انڈسٹری کا انتہائی بڑا سکینڈ ل تھا مگر اب شان صاف انکار کر رہے ہیں کہ وہ کبھی ریما سے شادی کے خواہش مند تھے۔ لیکن حقیقت آخر ہے کیا؟ کیا شان واقعی ریما کو دل دے بیٹھے تھے؟ اگر ہاں تو پھر ہوا کیا تھا؟ شادی کیوں نہ ہو سکی؟ کیا یہ محبت دشمنی میں بدل گئی تھی؟ کیا شان نے ریما کے ساتھ فلمیں کرنے سے انکار کر دیا تھا؟

شان اور ریما کا فلمی کریئر  21 ستمبر 1990 کو ریلیز ہونے والی فلم بلندی سے ایک ساتھ شروع ہوا تھا۔ شان اور ریما دونوں ہی کی عمر اس وقت 19 برس تھی۔ مگر شان نے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ صرف 16 برس کے تھے اس وقت اور اس عمر میں انسان کو شادی کا خیال نہیں آتا۔ لیکن یہ بات درست نہیں۔ پاکستانی فلم انڈسٹری کو Cover کرنے والے سینیئر جرنلسٹس یہ بات کئی بار کہہ چکے ہیں کہ شان کو ریما سے محبت ہو گئی تھی۔ وہ ریما سے شادی کرنا چاہتے تھے۔ ریما کو پروپوز بھی کر چکے تھے اور انہوں نے ریما کی والدہ سے بھی بات کر لی تھی۔ لیکن دونوں نے ہی انکار کر دیا تھا۔ وجہ یہ تھی کہ ابھی ریما کا کریئر سٹارٹ ہی ہوا تھا۔ اور کون بے وقوف لڑکی ایسا کرتی ہے کہ کرئیر کے آغاز میں ہی شادی کر لے اور اپنا کریئر برباد کر دے؟ یہی وجہ تھی کہ ماں بیٹی دونوں نے ہی اس رشتے سے انکار کر دیا تھا۔

دوسری بات یہ کہ بھلے ہی بلندی سپر ڈپر ہٹ ہوئی تھی مگر اس کا زیادہ فائدہ ریما کو ہوا تھا۔ ریما سب سے زیادہ پسند کی جانے والی ہیروئن بن گئی تھیں۔ ہر ڈائریکٹر کی خواہش ہوا کرتی تھی کہ ریما اس کی فلم سائن کر لے۔ شان بھی ابتدا میں کامیاب ہوئے مگر اس وقت سلطان راہی زندہ تھے۔ اس لیے شان کی زیادہ دال نہیں گل رہی تھی۔ خیر 1994 تک شان اور ریما کی کئی ایک فلمیں ریلیز ہوئیں۔ ان موویز میں حنا، انجمن، عشق، ناگ دیوتا، پیار ہی پیار، سیلاب، دل، آگ اور چاہت وغیرہ شامل ہیں۔ لیکن شاید سوائے چاہت کے اور کوئی فلم زیادہ کامیاب نہ ہو سکی تھی۔

اُدھر ریما شان کو شادی سے انکار کر چکی تھیں۔ اس کے علاوہ فلم انڈسٹری میں بہت سے لوگ مبینہ طور پر حاسد بلکہ شاید دشمن ہو گئے تھے ریما کے۔ کہا جاتا ہے کہ شان کو بھی ان لوگوں نے اپنے ساتھ شامل کر لیا تھا۔ شان ریما کے ساتھ انتہائی نامناسب رویہ رکھنے لگے تھے۔ اور پھر 1994 میں تو انہوں نے ریما کے ساتھ کام کرنے سے ہی صاف انکار کر دیا۔ اس وقت ان لوگوں نے ریما کے مقابلے میں نئی ایکٹریسز کو لولی وڈ میں متعارف کروایا۔ انہیں پروموٹ بھی خوب کیا۔ اور کہا جاتا ہے کہ شان بھی اس کھیل کا حصہ تھے۔

دوسری طرف شان کی تقریباً ہر فلم ہی فلاپ ہو رہی تھی۔ انہیں زُحل سیارہ کہا جانے لگا تھا۔ علمِ نجوم میں زحل سیارہ بد نصیبی اور نحوست کی علامت ہے۔ یعنی شان منحوس مشہور ہو گئے تھے کیونکہ ان کی تقریباً سبھی فلمز فلاپ ہو رہی تھیں۔ لیکن پھر 1997 میں سید نور نے جوا کھیلا اور شان کو اپنی فلم سنگم میں کاسٹ کر لیا۔ یہ فلم سپر ڈپر ہٹ ہوئی تھی۔ یوں شان کا کم بیک ہوا ۔ سلطان راہی بھی فوت ہو چکے تھے۔اس لیے شان فلم انڈسٹری پر چھا گئے تھے ۔ اور پھر اسی دوران انہیں غلطی کا احساس ہوا۔ انہوں نے ریما سے معافی مانگی اور صلح کر لی۔

اور پھر سنگیتا نے شان اور ریما کو ایک ساتھ اپنی مووی نکاح میں کاسٹ کیا۔ نکاح 5 جون 1998 کو ریلیز ہوئی اور انتہا سے زیادہ کامیاب ثابت ہوئی۔ اس کے بعد شان نے خود ڈائریکٹ کی فلم، مجھے چاند چاہیے۔ اس مووی میں انہوں نے ریما کو کاسٹ کیا تھا۔

مزیدخبریں