نگران حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 26 روپے سے زائد اضافہ کردیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ پندرہ روز کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ جس کا اطلاق رات بارہ بجے سے 30 ستمبر تک ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 26 روپے دو پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17.34 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
حالیہ اضافے کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 331 روپے 38 پیسے جبکہ فی لیٹر ڈیزل کی قیمت 329 روپے 18 پیسے تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ 31 اگست کو نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں مسلسل دوسری مرتبہ اضافے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 300 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی تھی۔
31 اگست کو نگران حکومت کو آئے ابھی ایک ماہ کا بھی عرصہ نہیں ہوا تھا لیکن اس کے باوجود لگاتار دوسری مرتبہ قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا اور اس عرصے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہو چکا تھا۔