ڈاکٹروں کی بلیک میلنگ: حفاظتی کٹس کے لیے احتجاج میں حکومت سے تنخواہیں ڈبل کرنے کا مطالبہ بھی شامل

04:51 PM, 17 Apr, 2020

نیا دور
لاہور میں حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔ ڈاکٹرز نے حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی کو جواز بنا کر اپنےدیگر مطالبات بھی پیش کر دیے۔

احتجاجی ڈاکٹروں کے مطالبات میں پی آئی سی واقعے میں برطرف 4 ڈاکٹروں کی بحالی، کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر عارضی بھرتی ہونے والے ساڑھے 4 ہزار ڈاکٹرز اور نرسز کو مستقل کرنے سمیت تمام ڈاکٹروں کو ڈبل تنخواہیں دینا شامل ہے۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کا لاہور میں ہیلتھ سیکرٹریٹ کے سامنے گذشتہ روز سے دھرنا جاری ہے۔ محکمہ صحت کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش پر پولیس نے ڈاکٹرز کو روکا تو ان کی پولیس سے دھکم پیل ہوگئی اور بعد میں معاملہ طے پانے پر ڈاکٹروں نے پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے۔

محکمہ صحت کے مطابق حفاظتی کٹس ہزاروں کی تعداد میں موجود ہیں لیکن اس کی آڑ میں انہوں نے دوسرے مطالبات ہمارے سامنے رکھ دیے ہیں، جس کا ابھی کوئی جواز نہیں بنتا۔

دوسری جانب گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ ان کا بڑا مطالبہ حفاظتی کٹس فراہم کرنے کا ہے۔

ادھر محکمہ صحت نے ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث اپنا دفتر عارضی طور پر گلبرگ میں منتقل کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا کیخلاف برسرپیکار ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی کٹس کی کمی کا سامنا ہے تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ وہ بتدریج اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مزیدخبریں