ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت کا پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کا فیصلہ

08:07 AM, 17 Apr, 2021

نیا دور
بھارتی حکومت نے رواں سال شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق حکومت کے اس فیصلے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے اعلیٰ کونسل کو آگاہ کیا۔

بھارتی حکومت کے اس فیصلے کے بعد بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو اکتوبر میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت کا سفر کرنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔

اعلیٰ کونسل کے رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بھارتی خبر ایجنسی 'پی ٹی آئی' کو بتایا کہ 'پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزا جاری کرنے کا مسئلہ حل ہوگیا ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزے جاری کیے جائیں گے یا نہیں'۔

انہوں نے بتایا کہ 'سیکریٹری نے اجلاس میں اعلان کیا کہ اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا تاہم ہم نے آئی سی سی سے وعدہ کیا تھا کہ معاملہ حل ہوجائے گا'۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈ ٹی 20 کے لیے 9 مقامات کا فیصلہ کر لیا ہے جن میں سے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایونٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

دیگر مقامات میں دہلی، ممبئی، چنئی، کولکتہ، بنگلور، حیدر آباد اور دھرمشالہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے ویزوں کے اجرا کے معاملے پر گزشتہ ماہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ کر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

خط میں کہا گیا تھا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ، پاکستانی ٹیم، میڈیا اور شائقین کے لیے ویزے کی آسانیاں پیدا نہیں کرتا اور تحریری یقین دہانی نہیں کرواتا تو ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارت (یو اے ای) منتقل کردیا جائے۔

خیال رہے کہ سیاسی تنازعات کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی سالوں سے کوئی دوطرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔
مزیدخبریں