آئی ایم ایف نے پاکستان میں مہنگائی اور بیروزگاری میں کمی کی نوید سنادی۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنی ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2024 میں پاکستانی معیشت میں بہتری کی پیش گوئی کی ہے۔
آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جی ڈی پی 2025 میں 3.5 اور 2029 میں 5.0 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سال معاشی شرح نمو دو فیصد اور اگلے سال 3.5 فیصد تک جانے کا امکان ہے۔ جبکہ رواں سال مہنگائی 21 فیصد ہدف کے مقابلے 24.8 فیصد رہے گی۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اگلے مالی سال مہنگائی میں 12.1 فیصد کی نمایاں کمی متوقع ہے۔ رواں سال بے روزگاری 8 فیصد اور اگلے سال 7.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آئی ایم ایف کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر جولی کوزیک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ 19 مارچ کو آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ ہوا۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کو کل 3ارب ڈالرکی ادائیگی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ ہوگی۔ نئی حکومت کی معاشی اصلاحات سے متعلق کوششوں کو سراہتے ہیں۔
ڈائریکٹرآئی ایم ایف جولی کوزیک کا مزید کہنا تھا کہ پہلے جائزے کے بعد پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
ترجمان انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ آئندہ مہینوں میں نئے پروگرام پر بات کرنے کو تیار ہیں۔