افغانستان کی تیزی سے بدلتی صورتحال، امریکا نے بالآخر پاکستان سے رابطہ کرلیا

11:17 AM, 17 Aug, 2021

نیا دور
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے امریکی وزیرخارجہ اینٹونی جے بلنکن نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے امریکی وزیرخارجہ اینٹونی جے بلنکن نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اوردونوں رہنماوٴں نے افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیرخارجہ نے مختصرعرصے میں صورتحال میں نمایاں تبدیلی اورتشدد سے بچنے کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظرسے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے آگے بڑھنے کے بہترین راستے کے طورپرجامع سیاسی تصفیے کی اہمیت پر زور دیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پرامن اورمستحکم افغانستان کے لیے امریکا اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا، افغانستان کے ساتھ امریکی اقتصادی روابط جاری رکھنا بھی اہمیت کا حامل ہے۔

شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیرخارجہ کو سفارتی مشنوں، بین الاقوامی تنظیموں، میڈیا اوردیگر عملے کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے کی پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کا مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے پراتفاق کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل امریکہ نے افغان صورت حال کو لے کر پاکستان سے کوئی رابطہ نہیں کیا تھا۔ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ صدر بائیڈن نے افغانستان کی صورت حال کو لیکر وزیراعظم پاکستان یا پاکستان حکام سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی انہیں کوئی کال کی گئی، حالانکہ پاکستان خطے کا ایک اہم فریق ہے۔

 
مزیدخبریں