فحاشی اور عریانی پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن،  سٹیج ڈراموں پر مکمل طور پر پابندی عائد

عامر میر نے کہا کہ آئندہ سٹیج ڈراموں میں کسی بھی قسم کی فحش گفتگو یا حرکات ہرگز قابل قبول نہیں ہوں گی اور ان کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اگر دوبارہ ایسی کوئی شکایت موصول ہوئی تو نہ صرف ڈانسرز اور پروڈیوسرز پر پابندی عائد کی جائے گی بلکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

03:28 PM, 17 Aug, 2023

حسن نقوی

پنجاب حکومت  کا فحاشی اور عریانی پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن، الحمراء مال روڈ لاہور میں کمرشل سٹیج ڈراموں پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر  کی جانب سے الحمراء مال روڈ لاہور میں کمرشل سٹیج ڈراموں پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی جبکہ ڈراموں کیلئے کی جانے والی تمام بکنگز منسوخ کروا دی گئیں۔

یہ فیصلہ سٹیج ڈراموں کے نام پر مسلسل فحش ڈانس کروانے اور عریانی پھیلانے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ الحمراء مال روڈ میں جاری ڈراموں میں ڈانسرز کے فحش ڈانس اور اشارے کرنے کی شکایات موصول ہونے پر عامر میر نے وزیر اعلی محسن نقوی سے مشورے کے بعد سخت ترین ایکشن لیتے ہوئے نا صرف فحش سٹیج ڈراموں کے انعقاد کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ فحاشی  کو ترویج دینے والے ڈانسرز اور پروڈیوسرز پر بھی پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اسکے علاوہ عریانی پھیلانے والی ڈانسرز کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کروائی گئی ہیں۔ 

وزیر ثقافت عامر میر نے کہا ہے کہ اب الحمرا مال روڈ صرف ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا اور اس میں ہر قسم کے کمرشل سٹیج ڈراموں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 

صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ کمرشل ڈراموں پر پابندی صرف الحمراء مال روڈ میں لگائی گئی ہے جبکہ الحمراء کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں کمرشل ڈرامے جاری رہیں گے۔ لیکن حدود و قیود کے اندر رہتے ہوئے۔ 

عامر میر نے کہا کہ آئندہ سٹیج ڈراموں میں کسی بھی قسم کی فحش گفتگو یا حرکات ہرگز قابل قبول نہیں ہوں گی اور ان کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اگر دوبارہ ایسی کوئی شکایت موصول ہوئی تو نہ صرف ڈانسرز اور پروڈیوسرز پر پابندی عائد کی جائے گی بلکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

مزیدخبریں