خبردار: شہری 31 دسمبر تک پرائز بانڈ کیش کرالیں، ورنہ کاغذ کے ٹکڑے رہ جائیں گے

12:27 PM, 17 Dec, 2021

نیا دور
حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جن شہریوں کے پاس 40 ہزار، 25 ہزار، 15 ہزار اور ساڑھے 7 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز ہیں وہ 31 دسمبر تک انھیں کیش کروالیں، ورنہ مقررہ تاریخ کے بعد ان کی کوئی قیمت نہیں ہوگی، وہ محض کاغذ کے ٹکڑے رہ جائیں گے۔

اب صرف چار پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی اور خرید وفروخت ہو رہی ہے جن میں 100 روپے، 200 روپے، 750 روپے اور 1500 روپے مالیت کے پرائز بانڈز شامل ہیں۔

خیال رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی سفارش پر حکومت نے پرائز بانڈز بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بین الاقوامی ادارے نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ پاکستان میں نہ تو پرائز بانڈ کی لین دین کا موثر نظام موجود ہے اور نہ ہی ان کی ملکیت متعین ہوتی ہے۔

حکومت نے رائج طریقہ کار ختم کرکے اس کی جگہ رجسٹرڈ سسٹم وضع کر دیا ہے، اس کے تحت 40 ہزار اور 25 ہزار روپے مالیت کے بانڈز کی جگہ پریمیئم بانڈز متعارف کرائے گئے ہیں۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ حکومت کی جانب سے اعلان کے بعد چاروں پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے پرائز بانڈز کو پریمیم بانڈز میں منتقل یا کیش کرانے کیلئے مقررہ تاریخ کے اندر بینکوں سے رابطہ کریں۔

حکومت کئی بار پرائز بانڈز کو کیش کرانے کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن میں توسیع کر چکی ہے۔ رواں سال ستمبر میں عوام کی سہولت کیلئے تاریخ ختم ہونے سے پہلے ہی 3 مہینوں کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ یہ ڈڈ لائن بھی اب 31 دسمبر کو ختم ہو جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی کو کیش کرانے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کا امکان نہیں ہے تاہم دیگر کی واپسی کیلئے مزید مہلت ملنے کا امکان ہے۔
مزیدخبریں