ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب راولپنڈی میں اہم شخصیت سے ملاقات کےلیے خصوصی طیارے کے ذریعے راولپنڈی کے نور خان ایئربیس پہنچے۔بعد ازاں وزیراعلی کو انتہائی سخت سیکورٹی میں اہم شخصیت کے آفس روانہ کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اہم شخصیت سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات کے بعدنور خان ایئربیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور روانہ ہوگئے۔
پرویز الٰہی کا چندہفتوں میں یہ دوسرا دورہ تھا۔ اس سے قبل انہوں نے یکم دسمبر کو بھی اسی طرح کا دورہ کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک اور پیشرفت میں، وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی لاہور روانگی سے قبل جمعہ کو راولپنڈی میں ایک اہم شخصیت سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ پرویز الہی عمران خان کو فوری اسمبلیاں نہ توڑنے کا مشورہ دے چکے ہیں جس کی تصدیق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ایک بیان میں کی تھی۔
ادھر رات گئے مونس الہٰی اور حسین الہٰی نے عمران خان سے ملاقات کی۔ ذرائع کا دعویٰ ہےکہ مونس الہی ایک بار پھر پرویز الہی اورایک اہم شخصیت کاپیغام لیکررات زمان پارک پہنچے جس کا مقصد عمران خان کو اسمبلیاں توڑنے کےاعلان کو موخر کرکے اس کو چند روز آگے کرنے پر راضی کرنا تھا۔