تحریک پاکستان کے نامور رکن امجد حسین سید کے صد سالہ یوم ولادت پر تقریب کا اہتمام

10:34 AM, 17 Dec, 2022

نیا دور
تحریک پاکستان کے سرگرم رکن اور قائداعظم کے جانثار ساتھی کرنل (ر) امجد حسین سید کے صد سالہ یوم ولادت کے موقع پر ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بہت سی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے امجد حسین سید کی شخصیت اور کردار پر روشنی ڈالی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

کرنل (ر) امجد حسین سید مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنما تھے اور انہوں نے آل انڈیا مسلم لیگ کے لکھنؤ میں منعقد ہونے والے 1937 کے اجلاس میں شرکت کی اور اسی طرح 1940 میں لاہور میں منعقد ہونے والے اجلاس میں بھی وہ موجود تھے۔ انہوں نہ صرف تحریک پاکستان میں سرگرم کردار ادا کیا بلکہ قیام پاکستان کے بعد علامہ اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کے افکار و نظریات کے مطابق مملکت پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کوشاں رہے۔ انہوں نے اپنی زندگی نظریہ پاکستان کی ترویج و اشاعت کے لیے وقف کر دی تھی۔

اس تقریب میں سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ و چیئرمین نظریہَ پاکستان ٹرسٹ شیخ اعجاز نثار، کرنل (ر) امجد حسین کے صاحبزادگان سینیٹر مشاہد حسین سید، مجاہد حسین سید اور صاحبزادی تحسین سید، سینیئر وائس چیئرمین نظریہَ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف، سینیئر صحافی و دانشور مجیب الرحمن شامی، ممتاز سیاسی و سماجی رہنما بیگم مہناز رفیع، گولڈ میڈلسٹ کارکن تحریک پاکستان کرنل (ر) محمد سلیم ملک، سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری، پروفیسر ڈاکٹر مجاہد منصوری، ڈائریکٹر جنرل یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر عابد شیروانی، پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری، چودھری جاوید الہیٰ، سیاسی رہنما رانا محمد ارشد ضیا رضوی، ڈائریکٹر مجلس ترقی ادب اصغر عبداللہ، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، بیگم خالدہ جمیل، بیگم صفیہ اسحاق، راجہ اسد علی خان، ذوالفقار راحت، پیر محمد جمیل شاہ، نظریہَ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری ناہید عمران گل اور کرنل (ر) امجد حسین کے عزیز و اقارب سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کثیر تعداد میں موجود تھے۔

تقریب کا اہتمام نظریہَ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید کو نظریہ پاکستان ٹرسٹ کا وائس چیئرمین بھی منتخب کیا گیا۔
مزیدخبریں