سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ن لیگ سے دوریاں بڑھنے کی خبریں دم توڑ گئیں۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نواز شریف کی ہدایت پر مریم نواز سے ملاقات کیلئے لاہور پہنچے۔ مریم نواز کی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں ہوئی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
ملاقات کے دوران مریم نواز نے کہا کہ میرا آپ کیساتھ احترام کا مضبوط رشتہ ہے۔ بے پرکی پھیلانے والے ناکام ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز نے گفتگو میں کہا کہ میں آپ کی بہن ہوں۔ آپ کی رہنمائی میں پارٹی اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا چاہتی ہوں۔ پارٹی میری اکیلی کی نہیں۔ نوازشریف کی سربراہی میں سب مل کر پارٹی کے لیے کام کریں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ جیسے لیڈر پارٹی کا فخر ہیں اور آپ کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
شاہد خاقان عباسی نے گفتگو میں کہا کہ میں نے اپنا سب کچھ مسلم لیگ ن کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ نوازشریف میرے لیڈر ہیں۔ میں نواز شریف کا سپاہی تھا، ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔شہباز شریف کی رہنمائی ہمیشہ میرے ساتھ رہی۔ نواز شریف سے محبت ہے۔ اس لیے ن لیگ میں ہیں۔ ن لیگ میں رہا اور آخری دم تک ن لیگ ہی میں رہوں گا۔مسلم لیگ ن سے کوئی دُوری نہیں بڑھی۔نواز شریف اور پارٹی سے آج بھی رابطہ قائم ہے اور کل بھی قائم رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا موقف ہے کہ پارٹی میں ہر معاملے میں مشاورت کو ترجیح دی جانی چاہیے۔