3 مارچ 2020 کو سابق وزیراعظم عمران خان نے سی ڈی اے کو اپنے 300 کنال کے گھر کو ریگولرائز کرنے کے لیے 12 لاکھ روپے ادا کیے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی بنی گالہ رہائش گاہ کو ریگولرائزیشن فیس کی ادائیگی کے بعد ریگولرائز کر دیا گیا ۔
سی ڈی اے نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ کو باقاعدہ طور پر ریگولرائز نہیں کیا گیا ہے کیونکہ ماسٹر پلان کمیشن میں تبدیلیوں کے باعث عمارت کے منصوبے مشروط طور پر منظور کیے گئے ہیں۔
سی ڈی اے کے مطابق ماسٹر پلان کمیشن میں تبدیلیوں کی وجہ سے شہری ادارے نے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل نہیں کیں۔
سی ڈی اے کے ایک اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ کنسلٹنٹ کو اسلام آباد کے ماسٹر پلان کے جائزے کے لیے ماسٹر پلان کمیشن کی سفارشات کے مطابق رکھا جانا چاہیے۔ ایسے کنسلٹنٹس کسی انفرادی کیس کے لیے نہیں بلکہ پورے وفاقی دارالحکومت کی حدود کے لیے مسائل/ ضروریات کو جامع طریقے سے حل کریں گے ۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، عمران خان نے سی ڈی اے کو مطلع کیا تھا کہ ان کے گھر کے گراؤنڈ فلور پر 1,1371.09 مربع فٹ کا رقبہ ہے۔ بلڈنگ کنسٹرکشن کے چارجز کی منظوری کے بغیر اسکروٹنی اور ریگولرائزیشن فیس کا حساب لگا کر سی ڈی اے نے ان کے گھر کے گراؤنڈ فلور کے لیے 1,206,000 روپے وصول کیے تھے۔
تاہم ان کے 300 کنال کے گھر کے پورے لے-آؤٹ کی ریگولرائزیشن اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری بلڈنگ کنٹرول رولز (BCR) 2020 کی شق 8.22 میں بیان کردہ دیگر شرائط کو پورا کرنے سے مشروط ہے۔ تمام شرائط پوری ہونے کے بعد بھی سی ڈی اے کی جانب سے مقرر کردہ کسی کنسلٹنٹ کی سفارشات کے بعد منظوری دی جائے گی۔
سی ڈی اے کے مطابق منظوری کے بغیر حالیہ تعمیرات پر کوئی اضافی چارجز نہیں کیونکہ اسی اکاؤنٹ پر لاگو چارجز پہلے ہی موصول ہو چکے ہیں۔ اگر ماسٹر پلان کمیشن کی حتمی رپورٹ اور کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی روشنی میں مزید ضروریات درکار ہوں گی تو سی ڈی اے ان تمام لوگوں سے رابطہ کرے گا جن کے بلڈنگ پلانز مشروط طور پر منظور کیے گئے ہیں۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق ریگولرائزیشن کا عمل ایک مناسب نظام پر مشتمل ہے اور یہ عمل فیس کے حساب کے ساتھ سائٹ ایریا کی منظوری کے بعد ہی مکمل کیا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق، اس سائٹ میں مخصوص مکان کا کل رقبہ اور مقام شامل ہے جس میں مخصوص رکاوٹیں، سامنے، پیچھے، اطراف اور مرکزی رسائی والی سڑک کے ساتھ جوڑ شامل ہے کیونکہ منظوری صرف عمارت کے لئے نہیں بلکہ سائٹ کے پورے لے آؤٹ کے تناظر میں دی گئی ہے۔
عمران خان نے اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار کو ایک خط لکھا تھا جس میں ان کی توجہ بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات اور میونسپل لاقانونیت کی طرف مبذول کرائی تھی۔ جس کے بعد سی ڈی اے نے سپریم کورٹ کو مطلع کیا کہ عمران خان کا اپنا گھر غیر قانونی ہے۔ اس کے بعد عدالت عظمیٰ نے شہری ادارے کو حکم دیا تھا کہ وہ ان کے مکانات سمیت علاقے کے مکانات کو باقاعدہ بنائے۔
عمران خان کے علاوہ بہت سے دیگر معززین نے بھی بنی گالہ میں اپنے مکانات کو ریگولرائز کرنے کے لیے سپریم کورٹ کے احکامات سے فائدہ اٹھانے کے لیے سی ڈی اے سے رابطہ کیا تھا۔ سی ڈی اے سے رجوع کرنے والوں میں طارق فاطمی، بریگیڈیئر وسیم افتخار چیمہ اور احسان غنی شامل تھے۔