تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے شہر اقتدار میں 8 مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ نوٹیفیکشن کے مطابق وفاقی دارلحکومت میں اگلے دو ماہ تک لاوڈ سپیکر اور ایمپلی فائر کے استعمال، پمفلٹ تقسیم کرنے اور وال چاکنگ پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
اس کے علاوہ آتش بازی کرنے اور آتش بازی کے سامان کی خریدو فروخت پر بھی پابندی ہوگی۔ اسلحہ کی نمائش، کھلے عام کیسٹ پلیئر اور ساونڈ سسٹم لگانا بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ کسی قسم کے عوامی اجتماع، مجالس اور ریلیوں پر بھی پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بلاسٹنگ کے ذریعے سٹون کرشنگ پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
ان پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے شہری کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔