سندھ میں بچوں کے ساتھ بدفعلی کر کے ویڈیوز بنانے والا سکول ٹیچر گرفتار

04:30 PM, 17 Jul, 2020

نیا دور
سندھ کے ضلع خیرپور میں پولیس نے متعدد بچوں کے ساتھ بدفعلی کے الزام میں ریٹائرڈ سکول ٹیچر کو گرفتار کر لیا۔

سندھ پولیس نے ٹویٹر پر اعلان کیا کہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو گذشتہ چھاپے سے قبل ہی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

خیرپور میں بچوں کے ساتھ بدفعلی کا سکینڈل پورے ملک میں وائرل ہوچکا ہے۔ ٹویٹر پر وائرل ہونی والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم ایک بچے کے ساتھ بدفعلی کررہا ہے۔ مذکورہ ویڈیو کے بعد علاقہ مکینوں اور سماجی کارکنوں نے ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

متاثرہ بچوں کے والدین کی جانب سے شکایت پر ملزم کے خلاف عصت دری کے الزامات کے علاوہ انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) 1997 کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ ملزم نے بطور سکول ٹیچر حال ہی میں سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔ اس پر الزام تھا کہ اس نے اپنے ایک شاگرد کو بدفعلی کا نشانہ بنایا اور گھناؤنے فعل کو فلمایا اور پھر اسے وائرل کردیا۔

ملزم پر یہ بھی الزام ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو ایک دوسرے کے ساتھ جسمانی بدفعلی کرنے پر مجبور کرتا تھا۔

زیر حراست ملزم کے ٹیوشن سینٹر میں پڑھنے والے تمام طلبا کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔

واضح رہے کہ خیر پور میں بچوں کے ساتھ بدفعلی کا سکینڈل سامنے آیا ہے جس میں مبینہ طور پر ریٹائرڈ سکول ٹیچر مرکزی ملزم ہے جو اپنی نجی رہائش گاہ میں بچوں کو ٹیوشن دیتا تھا۔
مزیدخبریں