خدشہ ہے کہ پاکستان میں دہشتگردوں کے سلیپر سیلز دوبارہ فعال نہ ہوجائیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

12:53 PM, 17 Jul, 2021

نیا دور
ترجمان پاک فوج بابر افتخار کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردوں کے سلیپر سیلز دوبارہ فعال ہونے کا خدشہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کے مطابق ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل کی کامیابی کیلئے اپنا کردار سنجیدگی سے ادا کررہے ہیں ، پاکستان نے افغانستان میں امن عمل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی، لیکن ہم افغانستان میں قیام امن کے ضامن نہیں ہیں، اس کا فیصلہ وہاں کے فریقین نے ہی کرنا ہے کہ انہوں نے مستقبل میں کس طرح چلنا ہے۔ ہم نے افغانستان سے امریکا کے انخلا کے بعد کی صورتحال پر پوری تیاری کر رکھی ہے، کیوں کہ افغانستان میں بدامنی اور عدم استحکام کا سب سے بڑا اثر پاکستان پر ہی پڑے گا، پاکستان کا امن افغانستان کے امن و استحکام کے ساتھ جڑا ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بدامنی اور لڑائی کی وجہ سے پاکستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں کی باقیات اور سلیپر سیلز کے دوبارہ فعال ہونے کا خدشہ ہے، اور دوسری جانب بلوچستان میں شدت پسند گروپوں کو بھی تقویت مل سکتی ہے، حالیہ دہشتگردی کے واقعات اسی جانب اشارہ کرتے ہیں، ہم نے دہشت گردی کی طویل جنگ لڑی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 86 ہزار سے زائد قربانیاں دیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک بھر میں ردالفساد آپریشن شروع کرایا، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں ہزاروں آپریشن کیے، اس میں بے مثال کامیابیاں ملیں، ہم اپنی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
میجرجنرل بابر افتخار نے کہا کہ مستقبل میں پیدا ہونے والے حالات کے لیے ہم نے بہت تیاری کی ہے، ملکی سرزمین کسی کےخلاف استعمال نہیں ہونےدیں گے، پاک افغان بارڈر پر 90 فیصد باڑ لگا چکے ہیں، پاک افغان سرحد پر تمام غیر قانونی پوائنٹس کو سیل کر دیا گیا ہے، بارڈر پر جدید بائیومیٹرک سسٹم کی تنصیب بھی کی گئی ہے، مغربی سرحد کی فینسنگ افغانستان کے لیے بھی بہترہے، پاک ایران سرحد پر بھی فینسنگ کا کام تیزی سے جاری ہے، قبائلی اضلاع میں پولیس اور لیویز کی تربیت کی نگرانی فوج کر رہی ہے، ایف سی کی استعداد کار میں بھی بے مثال اضافہ ہوا ہے۔
مزیدخبریں