قومی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی ہوٹل پر دوستوں کے ساتھ سامنے آنے والی ویڈیو پر سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔
ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ ہوٹل پر موجودگی کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس پر کرکٹ شائقین اور بعض سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ مبینہ طور پر شعیب ملک اہم میچ سے ایک رات قبل میچ کی فکر کرنے کے بجائے باہر موجیں کررہے تھے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر اجازت ان کی ویڈیو بنانے انتہائی غلط ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ وہ ایک شخص کی جانب سے بغیر اجازت ان کی نجی زندگی کی پروا کیے بغیر ویڈیو بنائی گئی۔
دوسری جانب برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں بچوں کو شیشہ کیفے لے جانا جرم ہے جس پر والدین کو سزا بھی ہوسکتی ہے۔ وائرل ویڈیو میں ثانیہ مرزا کے ساتھ ان کے شوہر شعیب ملک، وہاب ریاض، امام الحق اور دیگر پاکستانی کھلاڑیون کو دیکھا جاسکتا ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ شیشہ کلب عوامی جگہ ہے اور عوامی جگہ پر کسی کی بھی ویڈیو بنائی جاسکتی ہے۔
معاملے پر پی سی بی کی جانب سے شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی دیگر قومی کرکٹرز کے ساتھ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پر وضاحت جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ کھلاڑی میچ سے دو روز قبل فیملیز کے ساتھ مینجمنٹ کی اجازت سے باہر گئے تھے اور یہ ویڈیو اسی روز کی ہے۔