کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں سے پیسے بٹورنے والا ٹائیگر فورس کا رضاکار گرفتار

12:25 PM, 17 Jun, 2020

نیا دور
پنجاب کے شہر ٹیکسلا میں پنجاب پولیس نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں سے پیسے بٹورنے والے ٹائیگر فورس کے ایک رضاکار کو گرفتار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے وزیراعظم کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کے ایک رضاکار کو گرفتار کیا ہے جو کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں سے پیسے بٹور رہا تھا۔

پولیس نے رضاکار کی شناخت محمد صدیق کے نام سے کی ہے جو میرا شریف کا رہائشی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ٹائیگر فورس کے رضاکار نے مرکزی بازار کا دورہ کیا اور کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو ڈرایا دھمکایا اور ان کے متعلق انتظامیہ کو شکایت نہ کرنے کے عوض ان سے رقم وصول کی۔

بعدازاں کچھ دکانداروں نے کرونا ٹائیگر فورس کے اس رضاکار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 30 مارچ کو کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام کا اعلان کیا تھا اور پھر 9 اپریل کو اسے فوری طور پر آپریشنل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ٹائیگر فورس کے قیام کا مقصد کرونا سے متاثرہ افراد کی مدد کرنا اور لوگوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔
مزیدخبریں