الیکشن کمیشن کے مطابق سید ندیم حیدر کو این اے 245 کے لیے ریٹرننگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔
این اے 245 کے لیے کاغذات نامزدگی 24 جون تک جمع کرائے جاسکیں گے، جبکہ پولنگ 27 جولائی کو ہوگی۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین کا انتقال 9 جون کو ہوا، وہ پہلی بار ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور 2002 سے 2007 تک قومی اسمبلی کے ممبر رہے۔
2018 میں وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال سے خالی ہونے والی کراچی کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 سے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو شہریوں نے مسترد کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال سے کل جیسے حالات پیدا نہیں ہوتے، ایم کیو ایم کے وفاقی وزیر امین الحق نے بھی ای وی ایم کی حمایت کی تھی۔
علی زیدی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے کابینہ میں بارہا مردم شماری کا معاملہ اٹھایا لیکن اب پرانی مردم شماری پر بلدیات کے الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایم کیو ایم کا کونسا معاہدہ پورا کیا؟ کیا ایم کیو ایم کے دفاتر کھل گئے یا کارکنان رہا ہوئے؟
علی زیدی نے کہا کہ یہ حیدر آباد اور کراچی میں سیاسی ایڈمنسٹریٹر لانا چاہتے ہیں لیکن دونوں شہروں میں میئر پی ٹی آئی کا ہو گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف اب بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کو لانگ مارچ یاد نہیں آ رہا۔
پی ٹی آئی رہنما نے 19 جون کو کراچی میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی کال پر کراچی سمیت پاکستان بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج ہو گا۔