ان کا اشارہ وزیراعظم کے اس بیان کی طرف تھا جس میں انہوں نے کہا تھا جو لوگ اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں ان کی ن لیگ میں کوئی جگہ نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے کے وزیراعظم کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی اندازہ نہیں کہ انہوں نے ایسا کیوں کہا اور ان کا اشارہ کس جانب ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کا مسلم لیگ ن سے راہیں الگ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔
گزشتہ روز ن لیگ کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جو لوگ پارٹی میں رہ کر اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں انہیں پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ اسحاق ڈار راتوں کو جاگتے ہیں۔ انہوں نے وزارتِ خزانہ کیلئے اپنی صحت خراب کرلی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جنرل کونسل کا اجلاس کئی بار مؤخر کروایا۔ میں اس انتظار میں تھا کہ نواز شریف پاکستان آئیں اور میں یہ ذمہ داری ان کے حوالے کروں۔ الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی۔ اس لیے آج یہ اجلاس منعقد کیا گیا۔
پارٹی کے نو منتخب صدر شہباز شریف نے کہا مریم نواز باہمت بیٹی ہیں۔ انہوں نے جب سے چیف آرگنائزر کا عہدہ سنبھالا ہے۔ دن رات محنت کر رہی ہیں۔اتحادی حکومت کو ہم سب مل کر چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ملک کی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ن لیگ میں اب نوجوان لیڈر شپ کی ضرورت ہے۔ آپ دیکھیں گے جب نواز شریف واپس آئیں گے تو پاکستان میں سیاست کا نقشہ بدل جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے جن حالات میں حکومت سنبھالی یہ پھولوں کی سیج نہیں، کانٹوں کی مالا ہے۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی۔ دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی تھی. اتحادی حکومت نے مل کر فیصلہ کیا کہ ہم سخت حالات کا مقابلہ کریں گے. شدید مالی مشکلات کے باوجود بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ آج بھی سینگ پھنسے ہوئے ہیں. پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہوگا۔ ہم نے کل آذربائیجان کے ساتھ گیس کا معاہدہ کیا. نواز شریف نے 20، 20 گھنٹے کی بجلی کے اندھیرے ختم کیے۔ نواز شریف نے جگہ جگہ موٹر ویز بنائے۔ نواز شریف کی غیر موجودگی میں کارکنوں نے مسلسل محنت کی۔ نواز شریف ملک کی قسمت بدلیں گے. یہ میرا ایمان ہے. ہم ان مشکلات سے نکلیں گے اور نواز شریف کی قیادت میں وہی دور آئے گا۔